قبائلی معاشرے میں تنازعات کے بروقت حل کیلئے جرگہ سسٹم کا اہم کردار ہے، چیئر مین سینٹ

بلوچستان کی نوجوان نسل کو کاروبار کی طرف توجہ دیتے ہوئے اس میں مہارت حاصل کرنی چاہیے، صادق سنجرانی کی بلوچستان کے وفد سے گفتگو صوبے کی ترقی کیلئے جدوجہد کرنا ہم سب کا مقصد ہونا چاہیے ،بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ملکر صوبے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے

جمعرات 23 نومبر 2023 21:45

قبائلی معاشرے میں تنازعات کے بروقت حل کیلئے جرگہ سسٹم کا اہم کردار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2023ء) چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ قبائلی معاشرے میں تنازعات کے بروقت حل کیلئے جرگہ سسٹم کا اہم کردار ہے۔بلوچستان کے نوجوانوں اور قبائلی عمائدین پر مشتمل 60 رکنی وفد نے جمعرات کوپارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیاچیئرمین سینیٹ نے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس کے دورہ پر خوش آمدید کہا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں اور قبائلی عمائدین/ سرداران کے ہمراہ آنا خوش آئند ہے۔بلوچستان کے نوجوانوں کو اس طرح کے دوروں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں جرگے کے ذریعے تنازعات کو بروقت حل کرنے پر قبائلی سرداران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

قبائلی معاشرے میں تنازعات کے بروقت حل کیلئے جرگہ سسٹم کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی نوجوان نسل کو کاروبار کی طرف توجہ دیتے ہوئے اس میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں قابلیت موجود ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔اس موقع پر سینیٹر پرنس احمد عمرزئی، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان،سینیٹر نصیب اللہ بازئی، سینیٹر دلاور خان،سینیٹر عمر فاروق اور سینیٹر بہرامند خان تنگی بھی موجود تھے۔

وفد کو سینیٹ میوزیم کا بھی دورہ کرایا گیا۔میوزیم میں وفد کو ایوان بالا کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ وفد نے سینیٹ میوزیم میں ملک کے ممتاز سیاستدانوں کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا جہاں پر وفد کوایوان بالا کے کام کے طریقہ کار، قانون سازی سے متعلق مفصل بریفنگ دی گئی۔

دریں اثناء یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ قانون کے 35 رکنی وفد نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیا-وفد نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات بھی کی-ملاقات میں بلوچستان کی ترقی اور طلباء کو درپیش مسائل بارے گفتگو ہوئی- چیئرمین سینیٹ نے طلباء کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا-انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کو تربت یونیورسٹی کا دورہ کرانے کا بھی عندیہ دیا-اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دنیا اب تیزی سے بدل رہی ہے،اگر دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو کاروبار اور معیشت مضبوط کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گوادر معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔گوادر میں سرمایہ کاری کیلئے بلوچستان اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کاروبار پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ اس سے معیشت مضبوط ہوگی۔بلوچستان کی ترقی کیلئے ایوان بالاء نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے کوشش کی ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبے کی ترقی کیلئے جدوجہد کرنا ہم سب کا مقصد ہونا چاہیے ،بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ملکر صوبے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو فروغ دیں تاکہ سرمایہ کاری آئے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایساماحول بنائے کہ لوگ بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے آئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب عہد کریں کہ ملکر بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں۔ وفد نے ایوان بالا ء کے دورے کو مفید قرار دیا اور کہا کہ مطالعاتی دورے کا مقصد ایوان بالا ء کے کام کے طریقہ کار، قانون سازی میں کردار اور اہمیت کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا۔ انہوں نے سینیٹ ہال اور میوزیم کا دورہ بھی کیا۔