گنے کی فی من قیمت 400 مقرر، کاشتکاروں کے حقوق کو یقینی بنائیں گے،ڈپٹی کمشنررحیم یارخان

جمعرات 23 نومبر 2023 21:49

گنے کی فی من قیمت 400 مقرر، کاشتکاروں کے حقوق کو یقینی بنائیں گے،ڈپٹی ..
رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2023ء) ڈپٹی کمشنرشکیل احمد بھٹی نے ضلعی شوگر کرشنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبہ میں 25 نومبر سے شوگر ملز کو کرشنگ کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے اور ضلعی انتظامیہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرائے گی اور خلاف ورزی کرنے پر یومیہ10لاکھ جرمانہ شوگرملز کا ادا کرنا ہو گا۔

امسال حکومت کی جانب سے کماد کی امدادی رقم400روپے من مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرشنگ سیزن میں انتظامیہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی اور کاشتکاروں و شوگر ملز انتظامیہ کے مسائل مقامی سطح پرحل کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جس میں مقامی تحصیل کے ایس ڈی پی اوز، کاشتکار اور شوگر ملز انتظامیہ کے نمائندگان شامل ہوں گے جبکہ ہر تحصیل آفس اور شوگر ملز میں شکایات سیل بھی قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار تنظیموں کے نمائندگان کاشتکاروں کی رہنمائی کریں کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے صاف ستھرا گنا ملز میں لے کر آئیں جبکہ شوگر ملز کی جانب سے بھی ناپ تول میں کمی یا کٹوتی کی شکایت کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور اس پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ کرشنگ سیزن میں اہم شاہرات پر ٹریفک کے بہاؤ کو معمول پر رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس، موٹر وئے، ہائی وئے پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اپنا ٹریفک پلان مرتب کرے جبکہ شو گر ملز انتظامیہ پرمٹ کے اجراء میں ٹریفک کے معاملات کو بھی مد نظر رکھیں اور اپنے یارڈ میں گنجائش کے مطابق پرمٹ جاری کریں تاکہ شاہرات پر ٹریفک کے بہاؤ کو اعتدال میں رکھا جا سکے۔\378