Live Updates

سائفر کیس میں عمران خان کی عدالت پیشی کیلئے خصوصی اجلاس طلب

سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی‘ ریڈ زون کو جزوی طور پر سیل کیے جانے کا امکان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 نومبر 2023 12:42

سائفر کیس میں عمران خان کی عدالت پیشی کیلئے خصوصی اجلاس طلب
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2023ء ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سائفر کیس میں عدالت پیشی کیلئے خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا جس میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی سماعت کے لیے منگل 28 نومبر کو جوڈیشل کمپلیکس لایا جائے گا، اس حوالے سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کا اجلاس پیر کو ہوگا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس تک لے جانے کے لیے ترجیحی انتخاب پشاور روڈ ہوگا، عمران خان کی پیشی کے باعث سکیورٹی وجوہات پر ریڈ زون کو جزوی طور پر سیل کیے جانے اور فیض آباد، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے پر دستوں کی تعیناتی کا امکان ہے، اس دوران جوڈیشل کمپلیکس کو پولیس اور نیم فوجی دستے گھیرے میں لیں گے اور جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے والے پوائنٹس اور سڑکوں کو سیل کیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو جوڈیشل کمپلیکس عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس عدالت میں سائفر کیس کی پہلی سماعت ہوئی جہاں آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت کی، شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری اور خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے تو جج ابوالحسنات نے استفسار کیا کہ ’ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کہاں ہے؟‘ جس پر عدالتی عملے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی عدالت کو فراہم کر دی۔

اس موقع پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ’سائفر کیس کا ٹرائل اب 29 اگست سے پہلے کی پوزیشن سے آگے بڑھے گا‘، بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو جوڈیشل کمپلیکس عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات