نوازشریف کی کیس سے متعلق پارٹی رہنماؤں اور لیگل ٹیم سے مشاورت

نواز شریف کی جانب سے قانونی ٹیم کو کیسز سے متعلق میرٹ پر فیصلہ لینے کی ہدایت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 27 نومبر 2023 13:48

نوازشریف کی کیس سے متعلق پارٹی رہنماؤں اور لیگل ٹیم سے مشاورت
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 نومبر 2023ء ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے منسٹر انکلیو میں پارٹی رہنمائوں اور اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت کی ۔ پیر کو وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے لئے اسلام آباد پہنچے تو انہوں نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی منسٹر انکلیو میں کچھ دیر قیام کیا۔ اس دوران انہوں نے پارٹی رہنمائوں اور لیگل ٹیم سے بات چیت کی ۔

اس موقع پرسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سینیٹر پرویز رشید، عطاء اللہ تارڑ، سردار ایاز صادق اور مریم اورنگزیب،اعظم نذیر تارڑ، بلال کیانی اور قانونی ٹیم کے اراکین موجود تھے ۔ نواز شریف نے کیسز سے متعلق قانونی امور پر مشاورت کی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جانب سے کیسز سے متعلق قانونی ٹیم کو میرٹ پر فیصلہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوازشریف آج ( سوموار) کے روز مری کے لئے روانہ ہوں گے، نوازشریف اور مریم نواز مری میں 3 سے 4 روز تک قیام کریں گے، مری میں قیام کے دوران مسلم لیگ (ن) کے قائد کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، نوازشریف کی خیبر پختونخواہ کے رہنمائوں سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

خیال رہے کہ نواز شریف تقریباِ چار سال لندن میں گزارنے کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان آتے تھے۔نوازشریف نے پاکستان آتے ساتھ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا تھا۔ نوازشریف نے سب سے پہلے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ پارٹی قائد کا دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا شیڈول بھی طے کیا گیا اور وہ آئے روز اہم ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔

۔سیاسی رہنماؤں سے اہم ملاقاتوں میں آئندہ کے انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے ۔نوازشریف کے ملک کے چاروں صوبوں کے دوروں کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔لیگی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نوازشریف نومبر کے بعد ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔دو روز قبل ہی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کی اپنے وفد کے ہمراہ جاتی امرا رائیونڈ آمد ہوئی۔ الیسن بلیک برن کی جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات ہوئی۔اس ملاقات میں چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔