نگراں وزیرخارجہ عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے برسلزپہنچ گئے

پیر 27 نومبر 2023 18:29

نگراں وزیرخارجہ عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے برسلزپہنچ گئے
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2023ء) نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 2روزہ سرکاری دورے پر یورپین دارالحکومت برسلز پہنچ گئے۔برسلز انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر پورپی یونین،بیلجیم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ اور سفارتخانے کے دیگر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔یورپی حکام کی دعوت پر نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی (آج)منگل کوبرسلز میں مہاجرین کی اسمگلنگ کے خلاف عالمی اتحاد کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

صدر یورپین کمیشن ارسلا واندرلین کی زیر صدارت وزارتی سطح پر منعقدہ اس کانفرنس میں یورپی یونین کے رکن ممالک، یورپی پارلیمنٹ، یورپی یونین کے انصاف اور امور داخلہ کی ایجنسیاں اور شراکت دار ممالک کیساتھ ساتھ مختلف بین الاقوامی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں وزیر خارجہ غیر قانونی نقل مکانی کو روکنے کیلیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے اور یورپی یونین کے ساتھ حال ہی میں شروع کئے گئے مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کے فریم ورک کے حوالے سے ہجرت کے قانونی راستے کو ایک قابل عمل متبادل کے طور پر پیش کریں گے۔

اس دوران وزیر خارجہ برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے اہم عہدیدران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی یہ دورہ یورپی کمشنر برائے مائیگریشن آف ہوم افیئرز یلوا جوہانسن کی دعوت پر کررہے ہیں۔