ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت کی زیر صدارت مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ ہفتہ 16 دسمبر 2023 16:33

ڈپٹی کمشنر  شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد ..
شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 دسمبر 2023ء ) شیخوپورہ میں مسیحی برادری کے تہوار کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عثمان جلیس ، اسسٹنٹ کمشنر ہیومن ریسورسز ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ، چیف آفیسر ضلع کونسل ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ، اراکین بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی ، مسیحی برادری کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کو سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلعی بین المذاہب کمیٹی کے اراکین نے کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی مکمل یقین دہانی کرواٸی۔ ڈپٹی کمشنر  ڈاکٹر وقار علی خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ کہا حضرت عیسی کا یوم ولات تمام مسلمانوں کیلئے بھی اتنا ہی بابرکت ہے جتنا مسیحی بھائیوں کیلئے۔

(جاری ہے)

مسیحی برادری کے خوشیوں بھرے تہوار میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں مسلمانوں کے پاس مقدس امانت ہیں۔ کرسمس کے موقع پر ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی امن پسند قوم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو ریلیف دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرسمس بازار قائم کیے جائیں گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر  گرجا گھروں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے استثنی کیا جائے اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جاۓ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت نے  اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔  کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو گرجا گھروں میں فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب امن کا درس دیتے ہیں۔ کرسمس کے موقع پر امن کی فضا برقرار رکھنے کے لیے اراکین بین المذاہب ہم اہنگی کمیٹی کو اپنی مثبت کاوشوں کو یقینی بنانا ہوگا۔