سید نجم حسن کینیڈا میں اسٹار آف البرٹا ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

پیر 11 دسمبر 2023 21:45

سید نجم حسن کینیڈا میں اسٹار آف البرٹا ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ..
البرٹا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 دسمبر2023ء) سید نجم حسن کینیڈا میں اسٹار آف البرٹا ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر کیلگری میں واقع میگ ڈوگل سینٹر میں منسٹری آف کلچر اینڈ آرٹ کی جانب سے 2023 اسٹار آف البرٹا ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے البرٹا کی لیفٹنٹ گورنر اور منسٹر آرٹ اینڈ کلچر "تانیا فیر" نے شرکت کی۔

معزز منسٹر کی جانب سے کینیڈا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والوں میں اسٹار آف البرٹا ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے دوران سید نجم حسن اسٹار آف البرٹا ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

سید نجم حسن جو کہ کئی سالوں سے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کینیڈیا کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس میں مختلف زبانوں میں کتابوں کی رسائی بذریعہ کثیرالثقافتی لائبریریاں، مختلف مقامات پر فوڈ بینک اور کپڑوں کا بینک کا قیام، کینیڈا میں نئے آنے والوں کیلئے مختلف موضوعات پر سیمینار کا انعقاد، کم آمدنی والوں کیلئے مفت ٹیکس سروس، ضرورت مند لوگوں میں گر کپڑوں اور کھانے کی تقسیم، اس کے علاوہ کرونا وبا کے دوران گھروں کے اندر محدود ہو جانے والے 3 ہزار لوگوں کی دہلیز پر کھانے کی رسائی شامل ہے۔

(جاری ہے)

سید نجم نے اسٹار آف البرٹا ایوارڈ ملنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صوبہ البرٹا کی لیفٹینٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کینیڈا کی ترقی کیلئے خدمات جاری رکھیں گے اور کینیڈا کو سب کیلئے ایک بہترین جگہ بنائیں گے۔ واضح رہے کہ کینیڈا میں سید نجم کو ان کی کمیونٹی کی خدمات کے صلے میں اس سے پہلے بھی کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔


2023 اسٹار آف البرٹا ایوارڈز کی تصویری جھلکیاں: