نیوزی لینڈ میں انسداد تمباکو نوشی کے قوانین لاگو ہونے سے پہلے ہی ختم

DW ڈی ڈبلیو پیر 27 نومبر 2023 21:00

نیوزی لینڈ میں انسداد تمباکو نوشی کے قوانین لاگو ہونے سے پہلے ہی ختم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 27 نومبر 2023ء) نیوزی لینڈ کے قدامت پسند سیاستدان کرسٹوفر لکسن نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی کہہ دیا ہے کہ ملک میں اینٹی اسموکنگ قوانین ختم کر دیے جائیں گے۔ یہ قوانین آئندہ برس جولائی میں نافذ العمل ہونا تھے۔ اگر ایسا ہوتا تو نیوزی لینڈ دنیا کا ایسا پہلا ملک بن جاتا، جہاں ’نئی نسل‘ کو سگریٹ فروخت کرنے پر پابندی عائد ہو جاتی۔

نیوزی لینڈ کے سیاستدان کرسٹوفر لکسن نے وزرات عظمٰی کا منصب باقاعدہ طور پر سنبھال لیا ہے۔ لوکسن کی قدامت پسند نیشنل پارٹی حالیہ انتخابات میں سب سے بڑی سیاسی طاقت بن کر ابھری تھی تاہم اسے حکومت سازی کے لیے چھ ہفتوں تک سیاسی جوڑ توڑ کرنا پڑی۔

پیر کے دن 53 سالہ لکسن جب وزیر اعظم کی کرسی پر براجمان ہوئے تو یوں لیبر پارٹی کا چھ سالہ دور اقتدار اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

نئی کولیشن حکومت کے رہنما لوکسن افراط زر میں کمی اور انٹرسٹ ریٹس کی شرح میں کمی کو اپنا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہیں۔

جرمنی: بچوں کی موجودگی میں سگریٹ نوشی پر پابندی کا منصوبہ

’میں اب اسموکر نہیں،‘ آپ کو بھی تمباکو نوشی کیوں ترک کر دینا چاہیے؟

لکسن نے کہا کہ ملک کا وزیر اعظم بننا ، ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس اہم ذمہ داری کو اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ملکی اقتصادیات میں بہتری کی کوشش

لکسن نے کہا کہ وہ ملک کی معیشت میں بہتری کی خاطر فوری طور پر اپنی ترجیحات کو حتمی شکل دیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ انسداد تمباکو نوشی کے اس قانون کو بھی ختم کر دیں گے، جس کے تحت سن دو ہزار آٹھ کے بعد پیدا ہونے والے افراد کو سگریٹ فروخت کرنا ممنوع قرار دیا گیا تھا۔

اس قانون پر نفاذ جولائی سن 2024 سے ہونا تھا۔ تاہم اس پر عمل درآمد سے قبل ہی ان قوانین کو ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ اینٹی اسموکنگ قانون گزشتہ برس بنایا گیا تھا تاکہ ملک میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

لکسن نے کہا کہ تمباکو سے حاصل ہونے ٹیکس ریونیو سے حکومت کو مالی فائدہ بھی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پابندی سے بلیک مارکیٹ کو فروغ مل رہا تھا اور اس سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے تھے۔

ڈسپوزیبل ای سگریٹ، نیوزی لینڈ میں مکمل پابندی کا اعلان

پاکستان میں تمباکو نوشی: روزانہ بارہ سو نابالغ بچوں کا اضافہ

تاہم اس فیصلے پر تمباکو کے خلاف مہم چلانے والے گروپوں نے کھل کر تنقید کی ہے۔ ہیلتھ کولیشن آوتیروا نامی ایک گروپ نے کہا ہے کہ یہ پیش رفت صحت عامہ کے لیے نقصان دہ ہے، ''یہ تمباکو صنعت کے لیے ایک بڑی جیت ہے، جو نیوزی لینڈ کے شہریوں کی زندگیوں کو نقصان پہنچا کر منافع کمائے گی۔

‘‘

کرسٹوفر لکسن نیوزی لینڈ کے 43 ویں وزیر اعظم منتخب کیے گئے ہیں۔ دو بچوں کے والد لکسن کی پارٹی نے دیگر دو سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائی ہے۔ ماضی میں وہ ملکی ایئر لائن کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ تین سال قبل انہوں نے قدامت پسند نیشنل پارٹی کی قیادت سنبھالی تھی۔

ع ب/ ک م (خبر رساں ادارے)