وفاقی حکومت نے 45 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری پر وضاحت جاری کردی

ایس سی او اجلاس اگست، ستمبر 2027میں اسلام آباد میں ہوگا، غیر ملکی مہمانوں کے لیے محفوظ، قابل اعتماد اور معیاری سفری انتظامات ضروری ہیں، ایس سی او سربراہ اجلاس کی اہمیت کو نظرانداز، معمولی یا سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے. کابینہ ڈویژن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 30 ستمبر 2026 23:38

وفاقی حکومت نے 45 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری پر وضاحت جاری کردی
اسلام آباد(اردوپوا ئنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 ستمبر ۔2026 ) وفاقی حکومت نے 45بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری پر وضاحت جاری کردی ہے ایس سی او سربراہ اجلاس کے لیے 45 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر کابینہ ڈویژن کی وضاحت سامنے آگئی ہے کابینہ ڈویژن کے مطابق ایس سی او اجلاس اگست، ستمبر 2027 میں اسلام آباد میں ہوگا، جس میں اہم ترین عالمی ایونٹس میں شامل ہے، اجلاس میں سربراہان مملکت، حکومت اور عالمی اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے.

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی مہمانوں کے لیے محفوظ، قابل اعتماد اور معیاری سفری انتظامات ضروری ہیں، سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں، کابینہ ڈویژن کے پاس موجود جدید ترین بلٹ پروف گاڑیاں 2016 ماڈل کی ہیں جو مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتیں. کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ 45 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی تجویز مختلف فورمز پر زیر غور آئی، بلٹ پروف گاڑیوں کی تعداد کم سے کم ضرورت کے مطابق مقرر کی گئی ہے ایس سی او اجلاس کے لیے دیگر تقریباً 300 نان بلٹ پروف گاڑیاں کرائے پر حاصل کی جائیں گی، ایس سی او سربراہ اجلاس پاکستان کے لیے عالمی سطح پر اہمیت اجاگر کرنے کا موقع ہے، ایس سی او سربراہ اجلاس کی اہمیت کو نظرانداز، معمولی یا سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے.