وفاقی حکومت اگر ایمرجنسی لگاتی ہے تویہ پی ٹی آئی کیلئے واشنگ مشین ثابت ہوگی، شیر افضل مروت

پی ٹی آئی کی جتنی بھی ناکامیاں ہوں گی وہ ساری دُھل جائیں گی، اس صورت میں پی ٹی آئی کی سیاسی شہادت کی نئی کھیپ سامنے آئی گی، رکن قومی اسمبلی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 30 ستمبر 2026 23:51

وفاقی حکومت اگر ایمرجنسی لگاتی ہے تویہ پی ٹی آئی کیلئے واشنگ مشین ثابت ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 30 ستمبر 2026ء ) رکن قومی اسمبلی شیرافضل خان مروت کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اگر ایمرجنسی لگاتی ہے تویہ پی ٹی آئی کیلئے واشنگ مشین ثابت ہوگی، پی ٹی آئی کی جتنی بھی ناکامیاں ہوں گی وہ ساری دُھل جائیں گی۔ انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کا اعلان کیا لیکن تیاری کوئی نہیں کی، اب 4 اکتوبر تک کیلئے لانگ مارچ کو ملتوی کردیا ہے۔

اس دوران بجائے اس کے کہ پی ٹی آئی ایک تحریک بناتی ، حکومت پر دباؤ بڑھاتی لیکن حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ایک لیوریج کے طور پر استعمال کیا۔اب ایمرجنسی کے نفاذ کی جو دھمکیاں ہیں، یہ عین ممکن بھی ہے کہ جس طرح پاکستان میں معاملات کو ڈیل کیا جارہا ہے ، اس میں کوئی انہونی نہیں ہو گی کہ ایمرجنسی بدنیتی پر بھی لگا دیں، ایمرجنسی اگر لگائی گئی توپی ٹی آئی کیلئے واشنگ مشین ثابت ہوگی، پی ٹی آئی کی جتنی بھی ناکامیاں ہوں گی وہ ساری دُھل جائیں گی۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخواہ کے وزیرقانون آفتاب عالم نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں ان کے بیانات میں تضادات ہیں، رانا ثناء اللہ ایک بیان دیتے ہیں، طارق فضل چوہدری دوسرا بیان دیتے ہیں ،یہ سب دہشتگردی کا بہانہ کررہے ہیں، جو بھی ہو اگر یہ اپنی خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں ، یہ بھلے اپنی خواہش پوری کریں، صوبائی حکومت یا اقتدار ہماری کمزوری نہیں ہے، جس طرح اقتدار ہمارے لیڈر کی کمزوری نہیں ہے،وفاقی حکومت پچھلے دو سالوں سے گورنرراج اور ایمرجنسی کے نام پر بلیک میل کررہی ہے۔

آپ کو یاد ہوگا کہ سہیل آفریدی کے آنے کے ساتھ ہی ہمیں دھمکیاں لگائی گئیں، ان باتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ مجھے جو لگ رہا ہے ، اس کے بعد اثرات خطرناک ہوں گے۔ بلوچستان ان کے ہاتھ سے 80 فیصد سے زیادہ نکل چکا ہے اس کی بنیادی وجہ ایمرجنسی ہی تھی۔ ہم گورنر راج یا ایمرجنسی کی دھمکیوں سے بلیک میل نہیں ہوں گے، پرامن احتجاج ہمارا آئینی قانونی حق ہے، عمران خان، ان کی فیملی کے حوالے ہمارے مطالبات جائز ہیں۔