پاکستان اورایران کے درمیان معاشی، تجارتی اور تعلیمی تعلقات کو مستحکم کرنا وقت کی ضرورت ہے، گورنر بلوچستان

منگل 28 نومبر 2023 18:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان معاشی، تجارتی اور تعلیمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان قریبی تعلقات کے علاوہ عوامی سطح پر بھی محبت اور دوستی کے رشتے قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ توانائی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاک ایران سرحد کے دونوں اطراف موجود غربت، بیروزگاری اور پسماندگی کے خاتمے کے حوالے سے ہم اپنے اور آپ کے تاجروں اور صنعتکاروں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کر سکتے، بارڈر ٹریڈ کو مزید وسعت دینے اور تاجر برادری کو ضروری سہولیات ومواقع فراہم کرنے سے ہی ہم صوبے میں موجود بیروزگاری، پسماندگی اور غربت کے مسائل پر با آسانی قابو پا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت کو بڑھانے اور بارڈر مارکیٹس کو مستحکم بنانے سے دونوں ممالک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں میں بےتحاشا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان تمام امور و معاملات میں مسلسل رابطے رکھنے، دورے کرنے اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیاہے۔