چینی صوبے جیانگ سو پولیس وفد کی سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز، سپیشل پروٹیکشن یونٹ اورسیف سٹی اتھارٹی، قربان لائنز آمد

ًایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی اور ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ نے بریفنگز دیں چینی پولیس افسران کوایس پی یو کنٹرول روم میں گاڑیوں کی لائیو مانیٹرنگ، لائیو لوکیشن سکیورٹی اور ٹریکنگ میکنزم بارے آگاہ کیا گیا ۹چینی پولیس اور پنجاب پولیس کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا گیا

منگل 28 نومبر 2023 21:05

‘لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2023ء) پاکستان کے دورے پر آئے چینی صوبے جیانگ سو پولیس افسران کی مصروفیات تیسرے دن بھی جاری رہیں ، پنجاب پولیس کی جانب سے چینی پولیس افسران کو مختلف فیلڈ فارمیشنز اور پولیس دفاتر کے دورے کروائے گئے اور پولیس کی ورکنگ ، پبلک سروس ڈلیوری اور فرائض بارے آگاہی دی گئی ۔ چینی پولیس افسران نے دن کا آغاز سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز پنجاب کے دورے سے کیا ، مسٹرتھن یونگ شنگ، ڈپٹی ڈی جی پبلک سکیورٹی کی قیادت میں جیانگ سو پولیس کے سینئر افسران مسٹر شین زیانگ، مسٹر وین بنگڈ، مسٹریو آن زیولائی، مسٹر ہو زیاؤ اور مسٹر شاؤ وی من وفد میں شامل تھے ۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب وسیم احمد خان نے چینی وفد کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ورکنگ، آپریشنز اور انتظامی امور بارے بریفنگ دی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب وسیم احمد خان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب سے دہشت گردوں، فرقہ واریت اور انکے سہولت کاروں کے قلع قمع کا مشن سر انجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

چینی وفد کو دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز، سکیورٹی صورتحال اور سی ٹی ڈی کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا، دوران ملاقات سی ٹی ڈی پنجاب اور جیانگ سو پولیس کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا گیا،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ طیب حفیظ چیمہ، ڈی آئی جی ایلیٹ صادق علی ڈوگر سمیت دیگر افسران موقع پر موجود تھے۔

کائونٹر ٹیررازم ہیڈ کوارٹرز دورے کے بعد جیانگ سو پولیس افسران کا وفد سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) ہیڈ کوارٹرز مناواں پہنچا ، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے چینی پولیس افسران کو سلامی پیش کی۔ مسٹر تھن یونگ شنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پبلک سیکورٹی کی قیادت میں چینی پولیس افسران نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے ساتھ اہم میٹنگ کی ۔دوران میٹنگ ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ، طیب حفیظ چیمہ نے چینی پولیس افسران کو سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے فرائض و آپریشنز بارے آگاہ کیا۔

ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ طیب حفیظ چیمہ نے کہاکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ پنجاب میں نجی، کاروباری یا سرکاری کسی بھی کام کیلئے آنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے فرائض بھرپور تندہی کے ساتھ سر انجام دے رہی ہے، چینی باشندوں کی رہائش گاہوں، دفاتر اور ورکنگ سائٹس کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ میٹنگ کے بعد چینی پولیس وفد کو سپیشل پروٹیکشن ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا وزٹ بھی کروایا گیا۔

چینی پولیس افسران کو کنٹرول روم میں گاڑیوں کی لائیو مانیٹرنگ، لائیو لوکیشن سکیورٹی اور ٹریکنگ میکنزم بارے آگاہ کیا گیا۔ چینی وفد کو بتا یا کہ صوبہ بھر میں چینی شہریوں کی آمدورفت کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔جیانگ سو پولیس افسران نے چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دوران ملاقات فورس کی ٹریننگ اورسکیورٹی امور میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ دورے کے اختتام پر چینی پولیس افسران کو یادگاری شیلڈز اور سووینئرز پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن، ایس پی یو عثمان اعجاز باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور بٹالین کمانڈر II میجر صفدر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں چین سے آئے جیانگ سو پولیس افسران کے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دوہ کیا۔

تین یونگ شنگ ڈپٹی ڈی جی، پبلک سکیورٹی جیانگ سو پولیس کی قیادت میں 8 افسران وفد میں شریک تھے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹیز نے چینی وفد کو پیشہ ورانہ امور اور حکمت عملی بارے بریفنگ دی۔ چینی پولیس افسران کو سیف سٹیز کے مختلف شعبہ جات کی ورکنگ دکھائی گئی۔ مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی محمد احسن یونس نے بتایا کہ سیف سٹی شہریوں کی حفاظت کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاون ہے اور پکار 15 کی بدولت صوبہ بھر میں ایمرجنسی کالز پر پولیس رسپانس میں بہتری آئی ہے۔

اس موقع پر پنجاب پولیس اور جیانگ سو پولیس نے ماڈرن پولیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا گیا۔ جیانگ سو پولیس آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈرون مانیٹرنگ، باڈی کیمروں، 5جی نیٹ ورک اور ڈیٹا سکیورٹی میں پنجاب پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی کی مدد کر سکتی ہے۔ ڈپٹی ڈی جی پبلک سکیورٹی جیانگ سو پولیس کا کہنا تھا کہ چینی پولیس کی ٹیکنیکل ٹیم جلد لاہور کا دورہ کریگی اور سیف سٹیز کو ہرممکن مدد فراہم کریں گی