امریکہ اورسعودی عرب کا خلائی شعبے میں تعاون بڑھانے پراتفاق

جلد ایک معاہدے کا فریم ورک طے کرنے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے،بیان

بدھ 29 نومبر 2023 14:07

امریکہ اورسعودی عرب کا خلائی شعبے میں تعاون بڑھانے پراتفاق
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) امریکہ اور سعودی عرب نے اتفاق کیا ہے کہ وہ دونوں ملک خلائی شعبے میں ترقی و تعاون بڑھنے کے لیے باہم بات چیت کریں گے ۔ تاکہ خلا کے استعمال کو معیشت و ترقی کے لیے استعمال کیا جاسکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ جلد ایک معاہدے کا فریم ورک طے کرنے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔

ممکنہ معاہدے کے نتیجے میں دو طرفہ تعاون اور کوششوں کو ایرونا ٹکس اور خلا شعبے میں ایکسپلوریشن ممکن بنائی جا ئے گی، تاکہ خلائی ترقی کو پر امن مقاصد کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔اس سلسلے میں امریکہ اور سعودی عرب نے ارادہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں ملک خلائی شعبے تکنیکی امور پر بات چیت شروع کریں گے اور موجود دو طرفہ پوٹینشل کو استعمال کرنے کی راہ متعین کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ سرگرمیاں ایروناٹکس، زمین اور خلائی سائنس ، خلائی مہمات اور خلا میں موجود امکانات کو پرامن مقاصد کے لیے استعمال میں لانے کی کوششوں سے متعلق ہوں گی۔ریاض اور واشنگٹن دونوں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ دونوں کے ہاں یہ خواہش پائی جاتی ہے کہ باہمی تعاون کو بڑھاتے ہوئے کمرشل اور ریگولیٹری ترقی کے لیے ذمہ دارانہ انداز اور خلائی تحفظ کے احساس کے ساتھ بروئے کار لائیں۔

امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس تعاون کو صنعتوں کی ترقی کے لیے بھی مفید بنایا جائے گا۔امریکی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات پچھلے 80 سال باہمی دلسچپی و مفادات کے تحفظ کے 80 سال ہیں۔ دونوں ملک خلیج میں استحکام و ترقی اور حوشحالی و ترقی کو اہمیت دیتے ہیں اور باہم مشاورت میں رہتے ہیں۔ تاکہ علاقائی مسائل کو وسیع تر تناظر میں دیکھا جا سکے۔