یکم دسمبر سے راولپنڈی اوراسلام آباد میں نان روٹی کی قیمتوں میں 5، 5 روپے اضافےکا اعلان

اضافے کے بعد روٹی کی قیمت 30 روپے جبکہ نان کی قیمت 35 روپے ہوجائے گی، نان روٹی کی قیمت میں اضافے کی وجہ آٹا میدہ اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا ہونا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 29 نومبر 2023 18:20

یکم دسمبر سے راولپنڈی اوراسلام آباد میں نان روٹی کی قیمتوں میں 5، 5 روپے ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 نومبر 2023ء) نان بائی ایسوسی ایشن نے یکم دسمبر سے جڑواں شہروں میں نان روٹی کی قیمتوں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے راولپنڈی اوراسلام آباد میں نان روٹی کی قیمتوں میں 5، 5 روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد روٹی کی قیمت 25 روپے کی بجائے 30 روپے جبکہ نان کی قیمت 30 روپے بجائے 35 روپے ہوجائے گی، اسی طرح تنوری پراٹھا اور روغنی نان کی قیمت 50 روپے سے بڑھ کر 60 روپے ہوجائے گی۔

  نان روٹی کی قیمت میں اضافے کی وجہ آٹا میدہ اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہے، نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے آٹے اور میدے کی قیمت میں 600 سے 750 روپے فی بوری اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ گیس کا سلنڈر بھی 12500 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، گیس کا سلنڈر تندوروں میں صرف دو دن چلتی ہے۔ نان روٹی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ریکوزیشن جمع کروادی گئی ہے، 30 نومبر جمعرات کو نان بائی جنرل کونسل بھی اس اضافے کی منظوری دے گی۔

دوسری جانب پولٹری آڑھت ایسوسی ایشن راولپنڈی کی 3 تنظیموں نے یکساں نرخ کے نفاذ کی انتظامی پالیسی کیخلاف شٹر ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے، اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقہ جات تک سپلائی روک دی گئی ہے جس سے مرغی کے گوشت کے بحران کا خدشہ ہے۔ اسی طرح ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت دو ہزار چھ سو روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 472 روپے ہوگئی ہے۔