انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع کردی

بدھ 29 نومبر 2023 21:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں عسکری ٹاور پر حملے اور جلاؤ گھیرا ؤکے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں سینیٹر اعجاز چوہدری ،ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع کردی ۔

(جاری ہے)

انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی ۔ بدھ کے روز سماعت پر ڈاکٹر یاسمین راشد ، فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ سمیت چار ملزمان کی جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوائی گئی جبکہ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری سمیت دیگر47 ملزمان کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری کیلئے طلب کر لیا۔ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔