پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام پوسٹ گریجوئیٹ سٹوڈنٹس کانفرنس

جمعرات 30 نومبر 2023 18:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2023ء) وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے جدید رجحانات کے مطابق تحقیقی کلچرکافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام’اکیسویں صدی : تعلیمی تحقیق میں رجحانات‘پر 14ویں پوسٹ گریجوئیٹ سٹوڈنٹس کانفرنس سے وحید شہید حال میں خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چوہدری،چیئرمین شعبہ ایڈوانسڈ سٹڈیز ان ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹرمحمد شاہد فاروق، محققین ، ماہرین تعلیم ، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال نے تحقیقی کام کو بدل کر رکھ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹلیجنس کا نظریہ تیزی سے ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی یافتہ ممالک سے سیکھ کر اپنے مقامی مسائل کے حل پر مبنی تحقیقی کام کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپلائیڈ ،ایکشن اور تجرباتی تحقیق بہت ضروری ہے۔ انہوںنے بہترین کانفرنس کے انعقاد پر پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کی تعریف کی ۔

ڈاکٹرطارق محمود چوہدری نے کہا تحقیق ہی اصل تعلیم ہے جسے سیکھنے کے لئے ہم سب اس پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق متحرک کردار ادا کرتا رہے گا۔ ڈاکٹر شاہد فاروق نے ڈاکٹر خالد محمود ،منتظمین ، محققین اور سکالرزکا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں چالیس تحقیقی مقالے پیش کئے جار ہے ہیں جس کا مقصد طلباء میں تحقیقی رجحان کو پروان چڑھانا ہے۔