ایف بی آر نے 30 لاکھ نان فائلرز کو ٹیکس نوٹس جاری کر دیے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نان فائلرز کے سم، موبائل سیٹ بلاک کرنے اور بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کی تیاری کر لی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 30 نومبر 2023 23:22

ایف بی آر نے 30 لاکھ نان فائلرز کو ٹیکس نوٹس جاری کر دیے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نان فائلرز کے سم، موبائل سیٹ بلاک کرنے اور بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کی تیاری کر لی۔ اس ضمن میں ایف بی آر نے 30 لاکھ نان فائلرز کو ٹیکس نوٹس جاری کر دیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر نے نومبر 2023 میں 534 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 736 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے۔

محکمہ ٹیکس نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 3450 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 3484 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ایف بی آر نے نومبر 2023 میں 736 بلین روپے اربوں روپے اکٹھے کئے جوکہ ماہانہ 38 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتا ہے جبکہ دوسری جانب پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 54 فیصد زیادہ ریفنڈ بھی جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایف بی آر نے اپنے ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں غیر رجسٹر افراد کو نوٹس جاری کیےجائیں گے، نوٹس ملنے پر ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کی سم بلاک کروا دی جائیں گی اور ان کے نام پر موجود بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع کروا دیئےجائیں گے ۔

فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے یہ منصوبہ بندی 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانےکے نام پر کی تھی اور ایف بی آر کا دعویٰ ہے کہ نادرا نے بھی اس سے تعاون کی یقین دہانی کروا ئی ہے۔ ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق جون2024 تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس بنیاد وسیع کرنے کےلیے پورے ملک میں گریڈ 17 کے افسروں کی سربراہی میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس آفس قائم کر دیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کا دعویٰ ہے کہ اس اقدام سے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو "مطلوبہ سطح" تک بڑھایا جائے گا، ممکنہ ٹیکس دہندگان کے بارے میں تھرڈ پارٹی ڈیٹا حاصل کیا جائے گا اور اسے ٹیکس کی ایویلیوایشن کے لئےاستعمال کیا جائے گا۔ تھرڈ پارٹی ڈیٹا کا مطلب شہریوں کے مختلف طریقوں سے رقم خرچ کرنے کی تفصیلات ہیں جو ان کی آن لائن سرگرمیوں اور ادائیگیوں کے متعلق ہو سکتی ہیں۔