اٹک پولیس نے دوران ڈکیتی شہری کو قتل کرنے والے 2 ملزمان کوگرفتار کر کے چھینی گئی رقم اور آلہ قتل برآمد کر لیا

جمعہ 1 دسمبر 2023 23:15

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2023ء) اٹک پولیس نے دوران ڈکیتی شہری کو قتل کرنے والے 2 ملزمان کوگرفتار کر کے چھینی گئی رقم اور آلہ قتل برآمد کر لیاہے۔ ترجمان اٹک پولیس کے مطابق لعل محمد ولد امرک نے بیان دیا کہ میری اور میرے والد کی جلو سٹاپ پر موبائل فون کی دکان ہے ، میرے والد حسب معمول اپنی دکان پر چلے گئے جب میں دکان پر گیا تو دکانیں بند تھیں تو میں نے والد کے موبائل فون پر رابطہ کیا تو موبائل پر کال جا رہی تھی لیکن کوئی اٹھاتا نہیں تھا ،میں اپنے طور پر بہت تلاش کرتا رہا اسی دوران محمد عمران نے بتایا کہ قریب ہی پلاٹ میں ایک شخص کی نعش پڑی ہوئی ہے میں فوری موقع پر گیا تو میرے والد کی نعش پانی کے اندر پڑی ہوئی تھی اورسر اور چہرے پر زخم تھے، اطلاع پر پولیس نے فوری کارروئی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کرلیا ہے، ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غارث گل خان نے اس اندھے قتل کا سراغ لگانے کے لیے ایس ڈی پی اوحسن ابدال اور ایس ایچ او حسن ابدال کو اندھے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے احکامات جاری کیے،ایس ڈی پی او حسن ابدال افتخاراحمد کی زیر نگرانی ایس ایچ او صدرحسن ابدال ،تفتیشی افسر سب انسپکٹر اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم نے جدید سائنٹیفک طریقہ کار اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شبانہ روز محنت کر کے 2 اشخاص ارسلان خان اور کامل خان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، تو ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہوں نے مقتول امرک کو ڈکیتی کی نیت سے اغواء کیا اور رقم مبلغ 2 لاکھ روپے چھین کراسے قتل کر کے اس کی نعش کو پانی میں پھنک دیا۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش گرفتار ملزمان سے چھینی گئی رقم 2 لاکھ روپے اورآلہ قتل آہنی راڈ بر آمد کر لیا گیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او اٹک نے اس اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اٹک پولیس سنگین جرم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔\378