پاکستان کی "ڈالرز کمائی" پھر سے بڑھنے لگی

صرف 5 ماہ میں ایکسپورٹس کی مد میں ٹھیک ٹھاک ڈالرز کما لیے گئے، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بھی اربوں ڈالرز کمی ہو گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 دسمبر 2023 00:14

پاکستان کی "ڈالرز کمائی" پھر سے بڑھنے لگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 دسمبر2023ء) پاکستان کی "ڈالرز کمائی" پھر سے بڑھنے لگی ، صرف 5 ماہ میں ایکسپورٹس کی مد میں ٹھیک ٹھاک ڈالرز کما لیے گئے، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بھی اربوں ڈالرز کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی ٹیم کے اقدامات کی بدولت ناصرف پاکستان کے ڈالرز اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، بلکہ ساتھ ساتھ ڈالرز کمائی میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں ایکسپورٹس کی مد میں پاکستان نے 12 ارب ڈالرز سے زائد کمائے ہیں۔ پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارے میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33.59 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان نے نومبر کے ماہ میں ایکسپورٹس سے 2 ارب 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا نومبرتجارتی خسارہ 9 ارب 37 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ جولائی تا نومبر میں 14 ارب 12 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے خسارے کے مقابلے میں 33.59 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیر جائزہ مدت کے دوران برآمدات 1.93 فیصد بڑھ کر 12 ارب 17 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 11 ارب 94 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں، مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران درآمدات میں 17.32 فیصد کمی ہوئی جو گزشتہ سال 26 ارب 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 21 ارب 55 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

پی بی ایس نے کہا کہ سال بہ سال کی بنیاد پر گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال اسی ماہ کے دوران برآمدات میں 7.66 فیصد اضافہ ہوا، اس ماہ کے دوران برآمدات 2 ارب 57 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو نومبر 2022 میں 2 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی برآمدات تھیں۔دوسری جانب نومبر 2023 کے دوران درآمدات 4 ارب 46 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو نومبر 2022 میں 5 ارب 15 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 13.47 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر اکتوبر 2023 کے دوران 2 ارب 69 کروڑ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں ملک سے برآمدات میں 4.39 فیصد کی کمی واقع ہوئیں۔دریں اثنا جولائی تا اکتوبر کے دوران خدمات کی برآمدات نے 2 ارب 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 2 ارب 33 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 3.34 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

پی بی ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں خدمات کی درآمدات میں بھی 19.57 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے 2 ارب 72 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 3 ارب 26 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔اعداد و شمار کی بنیاد پر خدمات کا تجارتی خسارہ زیر جائزہ مدت کے دوران 116.66 فیصد بڑھ کر گزشتہ سال 39 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں اس سال 84 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔