بھارت ،مساجد سے لائوڈ اسپیکرز ہٹانے کی دھمکی کیخلاف مقدمہ درج

منوج یادونے منیر کو گھر کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے سے منع کیااوردھمکی بھی دی،رپورٹ

اتوار 3 دسمبر 2023 15:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) بھارت کی ریاست تلنگانہ میں مساجد سے لاڈ اسپیکرز ہٹانے کی دھمکی دینے والے کانگریس کے کارکن کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت منوج یادو کے نام سے ہوئی جو شہر حیدر آباد کے علاقے یلاریڈی گوڈا میں موٹر سائیکل پر گھوم رہا تھا۔منوج یادو نے منیر نامی شخص کو اپنے گھر کے سامنے سے گاڑی ہٹانے کو کہا۔

(جاری ہے)

اس نے منیر کو بھارت راشٹرا سمیتی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تم نے اسی جماعت کو ووٹ دیا تھا۔پولیس کے مطابق اس معاملے پر دونوں میں جھگڑا ہوا۔ اس دوران منوج یادو نے منیر کو دھمکی دی کہ میں علاقے کی تمام مساجد سے لائوڈ اسپیکرز ہٹا دوں گا۔ایف آئی آر کے مطابق منوج یادو نے منیر کو یہ بھی دھمکی دی اب کانگریس کی حکومت آنے والی ہے، 3 دسمبر کے بعد جو دل کیا وہ کروں گا۔مادھورا نگر پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 153A ،295A اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔