پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر مکمل، افتتاح (آج) ہو گا

68 ایکڑ پر محیط 300 بستروں پر مشتمل ہسپتال جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے، مقامی رہائشیوں کو مفت اور اعلی معیار کا علاج فراہم کریگا، انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک (آئی ایچ ایچ این)پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال چلائیگا

اتوار 3 دسمبر 2023 19:40

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک)کا سنگ میل منصوبہ مکمل ہو گیا ہے اور گوادر کے ہزاروں مقامی رہائشیوں کو جدید ترین طبی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ چینی حکومت کی مالی اعانت سے 100 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہونے والے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کا افتتاح(آج) پیر4 دسمبر بروز پیر کو ہوگا۔

گوادر پرو سے گفتگو کرتے ہوئے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کے عہدیدار نے بتایا کہ 68 ایکڑ پر محیط 300 بستروں پر مشتمل ہسپتال جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی ای)بزنس پلان کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال میں 6 بلاکس ہیں جن میں میڈیکل بلاک، رہائشی بلاک، نرسنگ بلاک، پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ بلاک، میڈیکل کالج بلاک، سینٹرل لیبارٹری بلاک سمیت دیگر متعلقہ سہولیات، طبی آلات اور مشینری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق گوادر میں پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال مقامی رہائشیوں کو مفت اور اعلی معیار کا علاج فراہم کرے گا۔ اس نے ساحلی برادری کو گائنی، پیڈیاٹرکس اور نوزائیدہ ادویات، اور فیملی میڈیسن کے بارے میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے ہیں۔ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک (آئی ایچ ایچ این)پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال چلائے گا۔