خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کو ای روزگار پروگرام شروع کرنے کی ہدایت

اتوار 3 دسمبر 2023 21:45

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کو ای روزگار پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کو ای روزگار پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس پروگرام کے تحت حکومت آئی ٹی سے وابستہ لوگوں کو بلاسود قرضے دینے کا پلان بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹھنے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے مراکز قائم کرنے کا پلان بھی بنا رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کو سعودی حکومت کے JADAفنڈ کے ساتھ تعاون کے امکان پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی حکومت نے تقریباً 1ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ قائم کیا ہے،JADAفنڈ سعودی عرب کے وژن 2030، مملکت کے جامع اقتصادی اور سماجی ترقی کے منصوبے کا ایک اہم جزو ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مقامی ابتدائی مرحلے کے سٹارٹ اپس کیلئے ایک وینچر کیپیٹل فنڈ بھی شروع کیا ہے جس سے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں واپس سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جائے گا۔حکومت اس پالان کے تحر سالانہ 10ملین ڈالر کا فنڈ مختص کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ان کمپنیوں کو سپورٹ کرے گی جو زیادہ تر دیگر ذرائع سے فنڈز اکٹھا کرنے کا انتظام کرتی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت آئی ٹی اینڈ ٹی مختلف شہروں میں کو ورکنگ جگہیں قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔اس کے علاوہ آئی ٹی اینڈ ٹی کی وزارت پاکستان میں کلاڈ انفراسٹرکچر کے قیام کیلئے دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر منصوبے کو حتمی شکل دے رہی ہے۔