پاکستان بیت المال کی کارکردگی ایک طائرانہ نظر کا انعقادبدھ کو ہوگا

پیر 4 دسمبر 2023 17:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2023ء) پاکستان بیت المال کے زیراہتمام بدھ کو "پاکستان بیت المال ایٹ اے گلانس" کا انعقاد ہو رہا ہے۔ یہ پروگرام فاطمہ جناح ایف نائن پارک مہران گیٹ کے قریب واقع ایوان قائد میں ترتیب دیا گیا ہے۔ تقریب میں مختلف سٹالز کے ذریعہ ڈونرز اور مخیر حضرات کو غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان بیت المال کی کاوشوں اور اس کے تمام پراجیکٹس کی نمائش کا اہتمام کیا جا ئے گا جبکہ اس سلسلہ کی مرکزی تقریب ایوان قائد میں واقع ہال میں ہو گی۔

تقریب میں پاکستان بیت المال سویٹ ہومز اور چائلڈ لیبر بحالی مراکز کے بچے معزز مہمانوں کے سامنے مختلف ٹیبلوز، ڈراموں، ملی نغموں کے ذریعے اپنی پرفارمنس بھی پیش کریں گے۔ اس تقریب میں میڈیا نمائندگان، سفارت کاروں، پارلیمنٹیرین، جڑواں شہروں کے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندگان، ملٹی نیشنل کمپنیز، نیشنل اور انٹرنیشنل این جی اوز کے نمائندوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پرا چہ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ پاکستان بیت المال کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں بھر پور تیاریاں کی ہیں اور مختلف افسران کوپروگرام کے سلسلے میں فرائض سونپے گئے ہیں۔ مزید برآں ایم ڈی نے تمام متعلقہ حلقوں اور سٹیک ہولڈرز کو پروگرام میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے۔