جیلانی پارک میں گل دادی کی سات روزہ سالانہ نمائش کاآغاز ، چیف سیکرٹری نے افتتاح کیا

پیر 4 دسمبر 2023 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام جیلانی پارک میں گل دادی کی سات روزہ سالانہ نمائش کاآغاز ہو گیا ۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے نمائش کا افتتاح کیا اور رنگا رنگ پھولوں کی دل آویز ترتیب اور تشکیل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔چیف سیکرٹری نے پی ایچ اے کی جانب سے شہریوں کیلئے پھولوں کی نمائش کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ نمائش سے شہریوں کو بہترین تفریح میسر آئیگی۔

انہوں نے کہا کہ نمائش کیلئے پی ایچ اے لاہور نے تمام پھول مقامی نرسریوں میں تیار کئے ہیں، استعداد میں اضافہ ہونا قابل ستائش ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کی تفریح کیلئے دیگر شہروں میں بھی اسی قسم کی نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہروں کی خوبصورتی کیلئے تمام پی ایچ ایز کو درکار وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئیجا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے لاہور میں سائیکلنگ اور پیدل چلنے کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا اور اس مقصد کیلئیخصوصی ٹریک بنائے جائیں گے۔ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو نے کہا کہ جیلانی پارک میں 35،000 سے زائد پودوں اور پھولوں کی مدد سے دلکش منظر کشی کی گئی ہے جو اربن لینڈ سکیپنگ کے تناظر میں ایک منفرد کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے نے اس بار نمائش میں پھولوں کی ورائٹی کیساتھ انتظامات اور لائٹنگ میں اضافہ کیا ہے، شہریوں کیلئے فوڈ کورٹ، میوزک شو اور لیزر لائٹ شو کا انعقاد کیا گیا ہے۔