Live Updates

بھارت نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی توہماری فوج نے عسکری تاریخ میں سنہراباب رقم کردیا

دشمن کے فوجی اڈے، اسلحے کے انبار اور ایئربیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات بن گئے، دنیا پر واضح کردیا کہ اگر کوئی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا تو سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کا قوم سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 مئی 2025 23:45

بھارت نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی توہماری فوج نے عسکری تاریخ میں سنہراباب ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 10 مئی 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی توہماری فوج نے تاریخ میں سنہراباب رقم کردیا، دشمن کے فوجی اڈے، اسلحے کے انبار اور ایئربیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات بن گئے، دنیا پر واضح کردیا کہ اگر کوئی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا تو سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں۔

انہوں نے قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں تو صف بند ہوکر سیسہ پلائی دیوار کی طرح لڑتے ہیں، دنیا پر واضح کردیا کہ پاکستانی خوددار اور غیرت مند قوم ہے، ہماری عزت اور وقار اور خودداری جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، کوئی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے تو پھر سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں، حالیہ دنوں میں دشمن نے شرمناک فعل کیا، یہ کھلی جارحیت تھی، جس کا ہماری دلیر بہادر فوج نے مئوثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔

(جاری ہے)

بھارت نے پہلگام واقعہ کو بہانہ بناکر جنگ مسلط کی۔ ہم غیرجانبدرانہ تحقیقات کی پیشکس کی۔ لیکن بھارت نے غرور تکبر میں ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی، شہری آبادی کو نشانہ بناکر ہمارے صبر کاامتحان لیا۔ فوجی تنصیبات اور آبی ذخائر کو بھی نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔ پھر ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ ہم نے واضح کردیا جو بات میز پر ہونی تھی وہ اب میدان جنگ میں ہوگی۔

ہمارے جوان بہادروں کامقابلہ کون کرسکتا ہے؟ ہمارے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں بھارتی فوج کی توپوں کو ایسا خاموش کیا کہ جس کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ دشمن کے فوجی اڈے، اسلحے کے انبار اور ایئربیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات بن گئے، ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے تو اللہ کے فضل سے فیل ہوگئے۔ ہماری کارروائی بوسیدہ نظریے کے خلاف تھی جو انسان دشمنی اور مذہبی جنون اور تعصب پر قائم تھی ، ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔

یہ افواج پاکستا ن کی کامیابی کے ساتھ پوری پاکستانی قوم کی فتح ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ 
میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور اپنے ہر جوان ہر افسر کو سلام پیش کرتا ہوں ۔

جنرل سید عاصم منیر کا قوم اور اپنی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں پر شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دانشمندانہ اور جرات مندانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا، اس کے ساتھ چیف آف ایئرسٹاف ظہیربابر اور ان کے شاہینوں کو شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کردیئے، شہید ارتضیٰ عباس خوبصورت پھول تھا جو کھلنے سے پہلے مرجھا گیا، ہر شہید کی ماں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بچے بچیاں وطن پر قربان کرکے نئی تاریخ رقم کی۔

ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ میں اپنے قائد نوازشریف کی مدبرانہ قیادت اور تجربہ کار رہنمائی ، صدر مملکت آصف زرداری کی مشاورت پر خاص طور پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں اپنے صحافی بھائیوں بہن اور سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بھارت کی فیک نیوز کا ذمہ درانہ رپورٹنگ سے مقابلہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ذمہ دارریاست کے طور پر علاقائی امن اور خطے میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کے مفاد میں جنگ بندی کا مثبت جواب دیا۔ ہمیں یقین ہے آبی وسائل کی تقسیم اور کشمیر سمیت تمام مسائل انصاف کے مطابق حل ہوں گے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ بندی کیلئے مخلصانہ کردار ادا کیا ، برادر ممالک سعودی عرب ، یواے ای ، ترکیہ ، قطر کے علاوہ برطانوی قیادت، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ بندی کی کاوشوں میں بھرپور کردار ادا کیا۔

میری قابل احترام چین کے صدر ، حکومت اور چینی عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں،جنہوں نے 78سالہ تاریخ میں کسی بھی نفع نقصان کو خاطر میں لائے بغیر پاکستان کا ہر موقعے پر بھرپور ساتھ دیا۔ مجھے کامل یقین ہے کہ اس بحران میں سرخرو ہونے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں پہلے کی طرح مل کر تمام تر توانائیاں اور توجہ پاکستان کی ترقی خوشحالی کیلئے وقف کردیں گے۔ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام حاصل نہ کرلے۔ شرط یہ ہے کہ دن رات محنت کریں اتنی محنت کریں کہ دنیا دنگ رہ جائے بالکل اسی طرح جس طرح ہماری افواج پاکستان نے پوری دنیا کو حیران کردیا، افواج پاکستان زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات