Live Updates

انڈیا کا غرور، امریکہ، اسرائیل اور یورپ کی آلہ کاری خطے کو تباہی کی طرف لے جائے گی

پاک فوج نے جرآت و استقامت سے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، انشاءاللہ! انڈیا رسوا ہوگا اور پاکستانی قوم اپنے تین اہداف دستبردار نہیں ہونگے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 مئی 2025 22:39

قئ
قئ
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 10 مئی 2025ء ) نائب امیرجماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے انڈیا کا غرور، جنگی جنون امریکہ، اسرائیل اور یورپ کی آلہ کاری خطے کو تباہی کی طرف لے جائے گی. مودی پے در پے شکستوں کی وجہ سے امن دشمنی کی دیوانگی کا شکار ہوگیا ہے، پاک فوج جرآت و استقامت سے بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.

لیاقت بلوچ نے یومِ عزمِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر جامع مسجد اقبال اور چنیوٹ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ جھوٹ، فریب مکاری کا مضحکہ خیز منصوبہ ہے۔ انڈین جارحیت کے مقابلہ میں پاکستان کی حکمتِ عملی درست ہے. پوری دنیا کے سامنے انڈیا کا جھوٹ، مکر و فریب بینقاب ہوگیا ہے. وطنِ عزیز کی سلامتی اور حفاظت کے لیے افواجِ پاکستان فرنٹ لائن پر اور پوری قوم میدانِ جہاد میں یک جان دو قالب ہے.

تقویٰ، استقامت، جرآت، بہادری اور دوقومی نظریہ کی حفاظت پاکستانی ملت کا شیوہ بن گیا ہے. پاکستان کی زندہ و بیدار قوم مکار دشمن کو اللہ کی مدد و تائید اور نصرت سے شکست سے دوچار کرے گی. انڈیا پاکستان پر اس لیے جنگ مسلط کررہا ہے کہ ہندوستان کی خطے میں ناجائز اور ظالمانہ بالادستی کی روِش سے تنگ آکر پاکستان کی طرف دوستی اور تعاون کا ہاتھ بڑھانے والے ممالک بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور بھوٹان کو دوبارہ اپنی غلامی کے شکنجے میں لائے۔

(جاری ہے)

انشاءاللہ! انڈیا رسوا ہوگا اور پاکستانی قوم اپنے تین اہداف، وطن کی آزادی کا تحفظ، جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت اورغزہ کے مظلوم عوام کی امداد و حمایت سے دستبردار نہیں ہونگے۔ عالمی اداروں اور عالمی قوتوں کو خطے کو ایٹمی جنگ سے بچانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے یومِ عزمِ دفاعِ پاکستان کے خطاب میں کہا کہ پورے ملک میں عوام منظم ہوجائیں، محلہ محلہ دفاعِ وطن کے لئے عوامی کمیٹیوں کا حصہ بن جائیں،شہری دفاع کا محاذ سنبھالیں.

جہاد فرض ہوگیا، اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے. جماعتِ اسلامی ہر سطح پر شہری دفاع کے لیے عوامی کمیٹیوں میں عوام کو شامل کرے گی. جوش و جذبہ، سوشل میڈیا پر ذمہ دارانہ حق اور سچائی کا مجاہدانہ کردار، تقویٰ و استقامت، جرآت و بہادری، اللہ کی بارگاہ میں عاجزی کیساتھ دُعاگو رہنا پاکستانی ملت کا شیوہ بن جائے. یہ اللہ تعالیٰ کا پاکستانی عوام پر بڑا کرم ہے کہ تمام اختلافات سے بالاتر ہوکر اور تمام تحفضات کو پسِ پشت ڈال کر عوام قومی سلامتی اور مملکتِ خداداد پاکستان کی حفاظت کے لیے یک جان ہوگئے ہیں.

حکومت، ریاست، پالیسی ساز عوام کے اتحاد اور یکجہتی کو قومی طاقت بنانے کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں تاکہ بحران حقیقی معنوں میں حل ہوجائیں.
لیاقت بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر ممتاز سالک کی عیادت کی اور اُن کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی. پنجاب یونیورسٹی کی علومِ اسلامیہ کی سابق سربراہ اور استاد ڈاکٹر ثمر کے انتقال پر مرحومہ کے خاوند پروفیسر ڈاکٹر مسعود عالم سے تعزیت کی اور لاہور کے سینئر وکیل میاں شبیر احمد کے انتقال پر مرحوم کے خاندان  کے افراد سے تعزیت و دُعائے مغفرت کی، اس موقع پر اساتذہ، وکلاء اور سیاسی سماجی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت بڑا ملک، بڑی جمہوریت، بڑی معیشت اور آبادی کے باوجود ہندو انتہاپسندی اور جنونیت میں پھنسا ملک بن گیا ہے.

بھارتی جنونی اور انسان دشمن حکمران اپنے ملک کی ترقی میں خود بڑی رُکاوٹ بن گئے ہیں. بی جے پی کا ہندوتوا نظریہ، توسیع پسندی اور ہمسایہ ممالک سے پنگا لینے کا جنون پورے خطے کو عدم توازن کا شکار کررہا ہے. ہندوستان کو اب اس کے جنگی جنون کی سزا ملے گی اور اُسے خطے میں امن کے لیے سُدھرنا ہوگا. پاکستان کے عوام پورے شعور کیساتھ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے  متحد ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات