Live Updates

ہم صدر ٹرمپ کاخطے میں امن کیلئے فعال کردار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں

یہ اقدام خطے میں امن خوشحالی اور استحکام کی نشاندہی کرتا ہے، یقین خطے میں مسائل کے حل کیلئے یہ ایک نئی شروعات ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 مئی 2025 21:56

ہم صدر ٹرمپ کاخطے میں امن کیلئے فعال کردار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 10 مئی 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم صدر ٹرمپ کاخطے میں امن کیلئے فعال کردار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،یہ اقدام خطے میں امن خوشحالی اور استحکام کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم صدر ٹرمپ کی قیادت اور خطے میں امن کیلئے فعال کردار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان اس نتیجے کے حصول میں معاونت پر امریکا کا شکریہ ادا کرتا ہے، اس نتیجے کو ہم نے خطے میں امن واستحکام کے مفاد میں قبول کیا ہے۔

امریکی نائب صدر اور وزیرخارجہ کا بھی جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔یقین ہے یہ پیشرفت خطے میں مسائل کے حل کیلئے ایک نئے آغاز کی علامت ہے، ان مسائل نے طویل عرصے سے خطے کو متاثر کیا۔

(جاری ہے)

ان مسائل نے امن خوشحالی اور استحکام کی راہ میں رکاوٹ ڈالی۔ یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت فوری طور پر سیز فائر پر متفق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ثالثی میں ایک طویل بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، ذہانت اور تدبر سے کام لینے پر دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس معاملے پر تمام فریقین کی دلچسپی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

دوسری جانب جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت کو پاکستان کے حملوں کے نتیجے میں 83 بلین ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستان نے بھارت کے 7 مقامات پر حملوں کے نتیجے میں بھارت میں 26 مقامات پر اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز نے رپورٹ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث ہندوستانی حصص مسلسل گرنے سے مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 83 بلین ڈالر کا نقصان ہوا کیوں کہ ہندوستان اور اس کے ہمسایہ ملک پاکستان کے درمیان عسکری کارروائی میں شدت نے سرمایہ کاروں کو پریشان کردیا،بھارت کی سٹاک مارکیٹ کے 13 بڑے شعبوں میں سے 12 شعبے شدید مندی کا شکار ہوئے، جس کے بعد سے سٹاک مارکیٹ میں شدید بے چینی کی فضا دیکھی گئی، خطے میں کشیدگی پر غیرملکی سرمایہ کاروں نے واضح طور پر تحفظات کا اظہار کیا۔

 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات