Live Updates

بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی

ہفتہ کے روز ہونے والے سیز فائر کے چند ہی گھنٹوں بعد بھارت کی جانب سے دوبارہ پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 مئی 2025 22:15

بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2025ء) بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی، ہفتہ کے روز ہونے والے سیز فائر کے چند ہی گھنٹوں بعد بھارت کی جانب سے دوبارہ پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے انکشاف کیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

بھارتی فوج نے ایل او سی اور سیالکوٹ میں ورکنگ باونڈری پر پاکستان کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔ حامد میر کے مطابق ممکن ہے کہ بھارتی فوج کی جن چیک پوسٹوں سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، شاید انہیں سیز فائر سے متعلق معلوم نہ ہو۔ حامد میر نے مزید انکشاف کیا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کے پیغام آ رہے ہیں کہ بھارتی فوج فائرنگ کے ساتھ ساتھ شدید گولہ باری بھی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ سیکورٹی ذرائع نے بھی بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سیز فائر معاہدے سے متعلق بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 12 مئی کی دوپہر تک جنگ بندی پر اتفاق ہوا، دوست ممالک کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کو بھارت کی طرف سے کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کی خواہش کے پیغامات پہنچائے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے علاقائی امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں اس جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ امر اہم ہے کہ اس پیش رفت کو درست تناظر میں دیکھا جائے، بھارت نے 7 مئی 2025 سے پاکستان کی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں کیں، جس سے پورے خطے کا امن خطرے میں پڑگیا اس کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔

بھارت کے میزائل اور ڈرون حملوں نے پہلے سے غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کو مزید خطرناک بنادیا، 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاک فضائیہ کے متعدد اڈوں اور ہوائی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ان حملوں کے جواب میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا کسی بھی خودمختار ملک کے لیے اپنی سالمیت اور علاقائی حدود پر سمجھوتہ ناقابل قبول ہے۔

پاکستان کا ردعمل اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے عزم، حق اور صلاحیت کا اظہار تھا۔پاکستان نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں، ہم نے اپنے دفاع کو کامیابی سے یقینی بنایا۔ ذرائع کے مطابق بھارت "نیو نارمل " قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ خطے میں اپنی بالا دستی مسلط کر سکے تاہم پاکستان نے یہ سازش ناکام بنا دی ہے۔پاکستان نے واضح کیا کہ ہم بھارت کی غیر قانونی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، 7 مئی کے بعد سے بھارتی اقدامات کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

"بھارت کا رویہ نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر بلکہ بین الاقوامی ضوابط اور ریاستوں کے مابین تعلقات کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارت کا جنگی جنون اور غیر ذمہ دارانہ رویہ خطے کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے، خاص طور پر جب دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہوں۔پاکستان کا موقف ہے کہ پہلگام حملے پر بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا، وزیراعظم پاکستان نے 26 اپریل کو ایک غیر جانب دار، شفاف بین الاقوامی تحقیق کی تجویز دی لیکن بھارت نے جارحیت کا راستہ چنا، اقوام متحدہ، او آئی سی اور کئی ممالک نے تحمل کی اپیل کی لیکن بھارت نے ان پر کان نہ دھرا۔

پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کو شروع سے بھارت کی بدنیتی سے آگاہ کرتا رہا ہے اور حالیہ واقعات نے ان خدشات کی تصدیق کر دی۔ پاکستان نے ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔علاقائی امن ہماری خواہش ضرور ہے لیکن امن یک طرفہ نہیں ہوسکتا، بھارت کو اپنی جارحانہ روش ترک کرنا ہوگی، پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات