Live Updates

یو این چیف کی طرف سے انڈیا پاکستان جنگ بندی کا خیرمقدم

یو این اتوار 11 مئی 2025 00:15

یو این چیف  کی طرف سے انڈیا پاکستان جنگ بندی کا خیرمقدم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 11 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے انڈیا اور پاکستان کے مابین جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے حالیہ مخاصمت کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی لانے کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے اپنے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ اس معاہدے کے ذریعے پائیدار امن قائم ہو گا اور دونوں ممالک کے مابین وسیع تر اور دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے سازگار ماحول بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ خطے میں امن و استحکام کو تقویت دینے کی کوششوں میں تعاون مہیا کرنے کے لیے تیار ہے۔

22 اپریل کو جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے مابین کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا جس کے بعد فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل نے ان حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے کے لیے زور دیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق، جنگ بندی کی خبر آنے کے بعد انڈیا اور پاکستان میں خوشی کا سماں دیکھنے کو ملا۔ ممکنہ طور پر یہ جنگ بندی امریکہ کی ثالثی سے عمل میں آئی اور اس کا اعلان تینوں ممالک کے نمائندوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔ تاہم، اس کے بعد بھی فریقین کی افواج میں جھڑپوں اور ڈرون حملوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات