عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے،علی قمر زمان اعوان

منگل 5 دسمبر 2023 15:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2023ء) سیاسی و سماجی رہنماء و سابق امیدوار ممبر ضلع کونسل یونین کونسل پاہل علی قمر زمان اعوان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت پر دبائو ڈال کر اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے تا کہ کشمیری آزمائش کی اس چکی سے نکل کر آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں، انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں ُر بھارتی ظلم و جبر کو سات دھائیوں سے زیادہ وقت گزر چکا ہے لیکن جنت نظیر وادی کا امن اور سکون چھیننے والا بھارت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت واپس دینے کو تیار نہیں، لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کی محبت اور بھارت سے وطن کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

بھارت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو بد ترین مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات دس لاکھ بھارتی فوجی گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں جس سے پہلے سے محصور کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مودی کی ہندوتوا حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حٰثیت کی منسوخی کے بعد سے معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کشمیر کو ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ قرار دیا اور انسانی وقار پر یقین رکھنے والے لوگوں سے حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدو جہد کی حمایت کرنے کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں جب مظلوم کشمیریوں کی زندگیاں، عزت و آبرو، بقاء، ثقافت اور تشخص دائو پر لگا ہوا ہے، دنیا کی مجرمانہ خاموشی سے ان کی تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے باضمیر لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔