خشک و سردموسم کے باعث نزلہ، کھانسی،زکام، بخار و دیگر موسمی بیماریاں زور پکڑنے لگیں

بدھ 6 دسمبر 2023 12:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2023ء) سرما کے آغاز پر مسلسل خشک وسردموسم بچوں اور بوڑھوں کیلئے وبال جان بنتاجارہاہے جبکہ نوجوان افراد کی بڑی تعداد بھی کھانسی، نزلہ،زکام، بخار، سانس کی تنگی، آنکھوں اوردیگر مختلف موسمی بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی و الائیڈ ہسپتال کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے،سموگ، خنک موسم اور خشک سردی کے باعث تمام عمر کے افراد میں گلے کی خرابی، کھانسی، نزلہ، بخار اور وائرل انفیکشن کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا مناسب استعمال اشد ضروری ہے خاص کر موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن کو ضرور ڈھانپنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹھنڈی، تلی ہوئی یا کھٹی بازاری اشیا ءکھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی، نزلہ اور بخار کا باعث بھی بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلا خراب ہو نے کی صورت میں فوری طورپر نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر غرارے کرنااور سٹیم لینا مفید ہے تاہم بخار کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر سے رجوع کیا جا ئے تاکہ بعد میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو سکے۔