لاہور ہائیکورٹ نے کم سن بچوں کا کریمنل ریکارڈ بنانے پر ایس پی سی آر او کو ہدایات لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

بدھ 6 دسمبر 2023 15:37

لاہور ہائیکورٹ نے کم سن بچوں کا کریمنل ریکارڈ بنانے پر ایس پی سی آر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے کم سن بچوں کا کریمنل ریکارڈ بنانے پر ایس پی سی آر او کو ہدایات لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے کم عمر ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ بنانے کے خلاف درخواست پر عبوری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تحریری حکم کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے لائسنس حاصل کیے۔ کسی شہری کو ناجائز طور پر حراساں نہیں کیا جائے گا۔ ایس پی سی آر او نے افسران سے ہدایات لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی مہلت طلب کی ہے۔ عدالت نے حکم جاری کیا کہ بغیر لائسنس کی آڑ میں پولیس اہلکاروں کو کسی شہری کو حراساں کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے شہریوں کو تنگ نہ کرنے کو یقینی بنائیں۔ تحریری حکم نامے کے مطابق ایس پی کریمنل ریکارڈ آفس کو کم سن ڈرائیورز کے کریمنل ریکارڈ بنانے کے حوالے سے ہدایات لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔