توڑپھوڑکیس ، اعجازچوہدری سمیت تین ملزمان فرد جرم کیلئے طلب

ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے

بدھ 6 دسمبر 2023 19:48

توڑپھوڑکیس ، اعجازچوہدری سمیت تین ملزمان فرد جرم کیلئے طلب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے سامنے پولیس گاڑی جلانے اور توڑپھوڑ کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری سمیت دیگر تین ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہرگل نے زمان پارک کے سامنے پولیس گاڑی جلانے اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت کی جس کے دوران اعجازچوہدری ،اکبرخان اور صبغت اللہ کو حاضری کے لیے پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران اعجاز چوہدری کی ویڈیو لنک پرحاضری مکمل کرائی گئی۔ملزمان کو چالان کی کاپیاں گزشتہ سماعت پرفراہم کردی گئیں تھیں، تاہم عدالت نے تینوں ملزمان کوآئندہ سماعت پرفرد جرم کی کاروائی کے لیے طلب کرلیا۔بعدازاں عدالت نے مزید کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔