بہاولپور،چڑیا گھر میں شیروں نے نامعلوم شہری کو چیر پھاڑ دیا

بدھ 6 دسمبر 2023 23:29

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) چڑیا گھر میںافسوسناک واقعہ شیروں نے نامعلوم شہری کو چیر پھاڑ دیا ،ذرائع کے مطابق چڑیا گھر کا ملازم جب بنگالی شیر وں کو گوشت ڈالنے کے کورٹ یارڈ میں گیا تو وہاں پر شیر نامعلوم شخص کی نعش کوکھا رہے تھے جس پر اس نے کیوریٹر کو واقعہ کی اطلاع دی ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ سمیت پولیس آفیسران، کیوریٹر ،ریسکیو 1122 اور فرائزک کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی اور نامعلوم شخص جس کی نعش کا کچھ حصہ شیر کھا چکے تھے کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعہ رات کے کسی وقت پیش آیا تحقیقات کی جارہی ہے کہ شہری شیر وں کے کورٹ یارڈ تک کیسے پہنچا ،ذمہ داروں کا تعین کرکے اسکے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تاہم شہری کی شناخت نہیں کی جاسکی ۔اس حوالے سے کیوریٹر چڑیا گھر عثمان بخاری نے کہا کہ شام کو جب چڑیا گھر بند کیا جاتا ہے تو چڑیا گھر کے ملازمین چڑیا گھر میں آئے شہریوں کو مکمل طور پرباہر نکالنے کے بعد ہی چڑیا گھر کو بند کیا جاتا ہے نامعلوم شخص جس کی عمر 24 سال بتائی جارہی ہے کس طرح شیروں کے یارڈ کورٹ تک پہنچا اس کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے اس افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔