سابق جج ارشد ملک وڈیوسکینڈل؛ نوازشریف کا درخواست کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ

ارشد ملک انتقال کر چکے ہیں اس لیے ویڈیو سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کریں گے۔ قائد ن لیگ کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو آگاہ کر دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 دسمبر 2023 15:36

سابق جج ارشد ملک وڈیوسکینڈل؛ نوازشریف کا درخواست کی پیروی نہ کرنے کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2023ء ) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سابق جج ارشد ملک کے وڈیوسکینڈل سے متعلق درخواست کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائد ن لیگ نواز شریف کی اپیل میں جج ویڈیو اسیکنڈل کیس سے متعلق درخواست پر سماعت جاری ہے، جہاں دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ’لاہور ہائی کورٹ کے نوٹیفکیشن سے ارشد ملک پر عائد الزام واضح نہیں ہو رہا، کیا عدالت ویڈیو کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے کہ مقدمہ ٹرائل کورٹ کو ریمانڈ کرنا ہے یا نہیں؟کیوں کہ نوازشریف کی درخواست موجود ہے اس لئے یہ فیصلہ آپ کا ہوگا‘۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ’اب یہ آپ کا اختیار ہے کہ آپ جج ارشد ملک کا معاملہ اٹھانا چاہتے ہیں کہ نہیں کیونکہ درخواست تو موجود ہے ہم یہاں اسکرین لگا دیں گے اور وڈیو چلا دیں گے لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ یہ دو دھاری تلوار بھی ثابت ہوسکتی ہے اب چونکہ ارشد ملک اس دنیا میں نہیں ہیں‘۔

(جاری ہے)

اس کے جواب میں قائد ن لیگ کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ’نواز شریف ویڈیو سکینڈل والی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں‘ جب کہ نیب پراسیکیوٹر نئے بھی کہا کہ ’درخواست واپس لینے پر اعتراض نہیں ہے‘، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ’آپ اس درخواست کی پیروی کریں گے تو ہم اس کو دیکھیں گے، ارشد ملک اب نہیں ہیں لیکن باقی لوگ ابھی موجود ہیں، آپ کا فیصلہ ہے کہ آپ اس درخواست کی پیروی کرنا چاہتے ہیں یا نہیں‘؟۔

عدالت کے استفسار پر وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ ’مجھے ہدایت دی گئی ہے جج ارشد ملک ویڈیو اسیکنڈل سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کرنا چاہتے، ارشد ملک انتقال کر چکے ہیں اس لیے ویڈیو سے متعلق درخواست کی پیروی نہیں کریں گے، میں جج ارشد ملک کے حوالے سے دعا گو ہوں اب وہ اس دنیا میں نہیں ہیں‘۔