شہریوں کو زیادہ بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کے ایم سی کونسل میں قراردادوں کے ذریعے قوانین بنائے جارہے ہیں،میئرکراچی

جمعہ 8 دسمبر 2023 18:16

شہریوں کو زیادہ بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کے ایم سی کونسل میں قراردادوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی کونسل میں بلدیاتی امور کی بہتری کے لیے قراردادوں کے ذریعے قوانین بنائے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں، موجودہ بلدیاتی قیادت کی پوری کوشش ہے کہ سٹی کونسل کو شہر کے بنیادی مسائل کے حل اور کراچی کی ترقی و بہتری کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کی حیثیت حاصل رہے اور کونسل کے اراکین کی مشاورت اور رہنمائی کے ذریعہ شہر میں تعمیر و ترقی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں صوبائی وزیر قانون محمد عمر سومرو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی نے صوبائی وزیر قانون کو شہر میں جاری ترقیاتی کاموں اور میگا پروجیکٹس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر قانون محمد عمر سومرو نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے مزید قانون سازی کی اگر ضرورت ہوئی تو کے ایم سی کو مدد فراہم کی جائے گی، قانون کی بالا دستی اور حکمرانی سے فلاحی معاشرہ تشکیل پاتا ہے، ہر شہری کے لیے یکساں طور پر انصاف کی فراہمی اور قانونی مدد تک رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی اپنی ذمہ داریوں کو سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت انجام دیتی ہے جس میں بلدیاتی نظام کے انتظامی اور مالیاتی نظم ونسق سے متعلق پالیسی وضع کی گئی ہے، کراچی کو انتظامی اعتبار سے سات اضلاع اور 25ٹائونز میں تقسیم کیا گیا ہے ہر ٹائون میں قائم کی گئیں یونین کمیٹیز کے چیئرمین بلدیہ عظمی کراچی کی کونسل کے رکن ہیں اور اپنے علاقے کے مسائل سے واقفیت رکھتے ہیں، شہر کی بہتری، ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے بلدیہ عظمی کراچی بھر پور کوششیں کررہی ہے، کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جنہیں مقررہ وقت میں مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کو شہر کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں سندھ حکومت کی مدد اور رہنمائی حاصل رہی ہے اور یہ امر قابل اطمینان ہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت ملک کے سب سے بڑے شہر اور اقتصادی مرکز کو ترقی دینے اور یہاں کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا مقصد تب ہی حاصل ہوتا ہے جب قوانین پر عملدرآمد ہو اور ان کا احترام کیا جائے، بلدیہ عظمی کراچی کی کونسل کے ذریعے قانون سازی اور پالیسیوں کی تشکیل میں سندھ حکومت کے متعلقہ محکموں کی مدد اور رہنمائی ہماری حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی، کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے شروع کیا گیا سفر جاری رکھیں گے۔

صوبائی وزیر قانون محمد عمر سومرو نے کراچی کے بلدیاتی نظام کو مستحکم اور موثر بنانے کے لیے بلدیہ عظمی کراچی کی کاوشوں کو سراہا اور اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔