پنجاب میں کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کر رہے ،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں،رانا ثنا اللہ

جمعہ 8 دسمبر 2023 18:17

پنجاب میں کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کر رہے ،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کر رہے ،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں،( ن) لیگ ملک بھر میں کلین سویپ کر یگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم پنجاب میں کسی کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کر رہے البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کھلے ہیں،ڈی جی خان کے تمام حلقوں میں مضبوط امیدوار کھڑے کریں گے اور اچھی پوزیشن میں جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )الیکشن کیلئے تیار ہے ،عام انتخابات میں مضبوط امیدوار میدان میں لے کر آئیں گے البتہ (ن )لیگ جن حلقوں میں کمزور ہے وہاں ہم زیادہ محنت کر رہے ہیں،انشا اللہ مسلم لیگ (ن ) ان کمزور حلقوں سے بھی بھاری مارجن سے جیتے گی ۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 15، 16دسمبر تک امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل ہوجائے گا اور مسلم لیگ( ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جا ئے گی ، امیدہے کہ ا لیکشن کمیشن کی جانب سے 14یا 15دسمبر کو الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیاجائے گا، انتخابی مہم شروع ہونے کے10روز بعد یہ بات واضح ہو جائے گی کہ( ن) لیگ ملک بھر میں کلین سویپ کر یگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں لیکن اسے بہانہ بنا کر الیکشن کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا، دہشت گردی کے خطرات پہلے بھی تھے،سیاسی جماعتیں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں اپنی سر گرمیاں محدود رکھیں، دعا ہے اللہ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور الیکشن خیریت سے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت کا کام ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی اقدامات سخت کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے جرم کیا ہے تو اس پر لیول پلینئگ فیلڈ کا واویلا مچانا مناسب نہیں، اگرکسی کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے تو اس کیلئے عدالتیں موجود ہیں۔