پشاور میں 'بد عنوانی ،معاشی عدم استحکام کا پیش خیمہ' کے عنوان کے تحت سیمینار کا انعقاد

نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے فعال کردار کی تعریف، مقررین کاآگاہی اور پیشگی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنے پر زور

جمعہ 8 دسمبر 2023 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2023ء) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا نے مشترکہ طور پر "بد عنوانی معاشی عدم استحکام کا پیش خیمہ" کے عنوان کے تحتنشتر ہال پشاور میں گزشتہ روز ایک سیمینار کا انعقاد کیا. سیمینار سے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا.

سیمینار میں نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل و دیگر کابینہ اراکین نے بھی شرکت کی. سیمینار سے چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹر قبلہ ایاز، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، ڈی جی نیب خیبرپختونخوا وقار احمد چوہان، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا محمد عارف یوسفزئی، سینئر اینکر پرسن سلیم صافی، سابق سیکریٹری عارفین خان اور ڈائریکٹر نیب خیبرپختونخوا نے بھی خطاب کئے اور انسدادِ بد عنوانی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی.

سیمینار میں وفاقی و صوبائی محکموں کے سربراہان، نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام، مقامی افراد و طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی. سیمینار سے خطاب میں نیب خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل وقار احمد چوہان نے بدعنوانی کے خلاف جاری جدوجہد میں عوامی آگاہی اور انسدادِ کرپشن اقدامات پر توجہ مرکوز رکھی اور کہا کہ ایسے سازگار ماحول کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جس میں لوگ خوف کا شکار نہ ہوں بلکہ کرپشن کے خاتمے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں.

خطاب میں ڈی جی نیب خیبرپختونخوا نے پیشگی اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اس ضمن میں حالیہ مہینوں میں عوام کو رئیل سٹیٹ سکیموں میں سرمایہ کاری کے لئے عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کے مثبت کردار کو سراہا. خطاب کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے عوام کو ایک ریئل اسٹیٹ اسکیم کے بارے میں آگاہ کرنے کے اقدام پر نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے فعال کردار کی تعریف کی.

انہوں نے کہا کہ شفافیت اور بدعنوانی کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لئے ایسی ہی اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہی. ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا نے بدعنوانی کے خاتمے اور خطے میں بدعنوانی سے پاک ماحول کو فروغ دینے کے لئے نیب کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری افسران، سول سوسائٹی اور عوام پر زور دیا کہ وہ بھی اس کوشش میں اپنا کردار فعال طور پر ادا کریں۔