جنوبی پنجاب کے طلبا میں آرٹ و کلچر کے حوالے سے بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل

جمعہ 8 دسمبر 2023 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل سید بلال حیدر نے دورہ بہاولپور کے موقع پر مصروف دن گزارا ۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کے آرٹ و کلچر کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے طلبا کے روشن مستقبل کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور صادق یونیورسٹی برائے خواتین میں مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے طلبا میں آرٹ و کلچر کے حوالہ سے بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جن کو قومی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ طلبا کے لئے انٹرن شپ پروگرام، ریسرچرز کے لئے تھیسز گرانٹ اور ڈگری حاصل کرنے کے بعد کلچر انڈسٹری میں اپنے کاروبار کے لئے بلاسود اور انتہائی آسان شرائط پر قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کلچر انڈسٹری کی زبوں حالی کی ایک بڑی وجہ انڈسٹری اور ایجوکیشن سیکٹر کے درمیان ایک گہری خلیج تھی جس کو پر کرنے کے لئے پنجاب کی تمام جامعات کے ساتھ آرٹ و کلچر کے فروغ اور کلچرانڈسٹری کو منافع بخش صنعت بنانے کے لیے تعاون پر مبنی مفاہمی یاداشتوں کاسلسلہ جاری ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل سید بلال حیدر نے بہاولپور آرٹس کونسل میں بورڈ آف مینجمنٹ کی پہلی میٹنگ میں بھی شرکت کی اورجنوبی پنجاب میں آرٹ و کلچر کے فروغ کے لیے تمام ممبران کی تجاویز کو سنا۔ تما م ممبر ان نے بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام کوتاریخی اقدام قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :