روسی یونیورسٹی کے وفد کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ، دوطرفہ تعلیمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

جمعہ 8 دسمبر 2023 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) پیپلز فرینڈ شپ یونیورسٹی ماسکوکے وفد نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان درانی سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر گولڈن رنگ اکنامک فورم حسنین مرزااور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی روس اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلیمی تعلقات کو فروغ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

روسی یونیورسٹیوں میں اعلی معیار کی تعلیم دی جاتی ہے لہذا پاکستانی یونیورسٹیوں کو چاہیے کہ وہ روسی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلقات استوار کریں تاکہ ان کے جدید علم اور تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔ہیڈ سنٹر فار ڈائریکشن اینڈ ریگولیشن آف سائنٹیفک پراجیکٹس کارپوریشن شیاپوف تیمور الہامووچ اور ڈپٹی ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ انٹرنیشنل افیئرز انا ولادیمیروونا پوپکوانے امید ظاہر کی کہ دونوں ادارے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ وہ پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے آئے ہیں۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری کو سراہا۔ بعد ازاں مہمانوں کو سووینئرزپیش کئے گئے۔