پنجاب ایمرجنسی سروس کے زیر اہتمام ریسکیو سکائوٹس کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے نیشنل چیلنج کا انعقاد

جمعہ 8 دسمبر 2023 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) پنجاب ایمرجنسی سروس کے زیر اہتمام ریسکیو سکائوٹس کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے نیشنل چیلنج کا انعقاد کیاگیا، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج قصور برائے خواتین کی ریسکیو سکائوٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی،گوجرانولہ ریسکیو سکائوٹس ٹیم نے دوسری جبکہ گوجرانولہ کی چاہت سکائوٹس ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ترجمان کے مطابق 7 دسمبرتایمرجنسی سروسز اکیڈمی ٹھوکر میں جاری رہنے والے چیلنج میں چین کی ٹیم سمیت 59 ٹیموں نے 3دن ٹراما چیلنج، سرچ اینڈ ریسکیو چیلنج اور واٹر ریسکیو چیلنج میں حصہ لیا۔حصہ لینے والے ریسکیو سکائوٹس کو حقیقت سے قریب تر مختلف ایمرجنسیز کو ڈیل کرنے کا موقع فراہم کیا گیااور ان کی مہارتوں کو تربیت یافتہ انسٹرکٹرز نے پرکھنے کے بعد ان کی پوزیشن، گریڈنگ کی جس کی بنیاد پر چیمپئن ٹیم اور پوزیشن ہولڈرز کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

روزانہ کی بنیاد پر 20 ٹیموں نے ان چیلنجز میں حصہ لیا جس میں ہر ضلع کی نمائندہ ریسکیو سکائوٹس ٹیم کے علاوہ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین قصور، الخدمت فائونڈیشن، گفٹ یونیورسٹی،آکسفورڈ یونیورسٹی،گولڈن پرل،وی ٹی آئی،یونیورسٹی آف لاہور،یو ایم ٹی،پنجاب یونیورسٹی،ہنڈا اٹلس،چاہت سکاوٹس،یو ای ٹی،احساس پاکستان، ریڈز، خواجہ فرید یونیورسٹی،اے ٹی ایس گروپ اور چین سے بیجنگ پیس لینڈ فائونڈیشن نے شرکت کی۔یہ تمام ریسکیو سکائوٹس ٹیمیں پہلے مرحلے میں اپنے ابتدائی مقابلہ جات اپنے اپنے اضلاع سے جیتنے کے بعد اس قومی سطح کے چیلنج میں شریک ہوئیں۔ اختتامی تقریب میں ونر ٹیم کو 5 لاکھ، رنر اپ کو 3 لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 لاکھ کیش ایوارڈ دیا گیا۔