یاماہا کمپنی نے اپنی موٹرسائیکل کی قیمت میں یکدم ہزاروں روپے کا اضافہ کر دیا

وائی بی آر 125 جی کی قیمت 4لاکھ 53ہزار روپے تھی جو اب اضافے کے بعد 4لاکھ 71ہزار روپے ہو گئی ہے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 8 دسمبر 2023 23:42

یاماہا کمپنی نے اپنی موٹرسائیکل کی قیمت میں یکدم ہزاروں روپے کا اضافہ ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2023ء) یاماہا کمپنی نے اپنی موٹرسائیکل کی قیمت میں یکدم ہزاروں روپے کا اضافہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وائی بی آر 125 جی کی قیمت 4لاکھ 53ہزار روپے تھی جو اب اضافے کے بعد 4لاکھ 71ہزار روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح وائی بی آر 125جی (میٹ ڈارک گرے اور میٹ اورنج) کی قیمت 4لاکھ 56ہزار روپے تھی جو اب 4لاکھ74ہزار روپے ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران یاماہا موٹرسائیکلز کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاکستانی روپے کی بے قدری کی وجہ سے ملک میں تمام ہی کمپنیوں کی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ایسا ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی وجہ سے غریب کی سواری کہلانے والی موٹرسائیکل ناصرف غریبوں، بلکہ متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی دور ہو گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چند سال پہلے تک جو موٹرسائیکلیں ہزاروں روپے میں دستیاب ہوتی تھیں، وہ اب لاکھوں روپے کی ہو گئی ہیں۔ ملک میں تمام ہی کمپنیوں کی موٹرسائیکلیں مہنگی ہونے کی وجہ سے موٹرسائیکلوں کی فروخت میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ملک میں موٹر سائیکل اور تھری ویلرز کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں موٹر سائیکلز اور تھری ویلرز کے 3لاکھ 70ہزار 966 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10 فیصد کم ہے۔اکتوبر کے دوران ملک میں 1 لاکھ 1 ہزار 976 یونٹس موٹرسائیکلیں اور تھری ویلرز کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 11 فیصد کم ہے۔