
مشرقی یروشلم میں فلسطینی سکولوں میں اسرائیلی کارروائی کی مذمت
یو این
جمعہ 9 مئی 2025
02:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 مئی 2025ء) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں اپنے سکولوں میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے جبری داخلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے تعلیم اور تحفظ کے لیے بچوں کے حق کی پامالی قرار دیا ہے۔
ادارے کے مطابق، آج (جمعرات کو) سکیورٹی فورسز کے مسلح اہلکار شفاعت پناہ گزین کیمپ میں قائم سکولوں میں زبردستی داخل ہو گئے اور 550 فلسطینی لڑکیوں اور لڑکوں کو ان کے کمرہ ہائے جماعت سے نکال دیا جن میں بعض کی عمر چھ سال تھی۔
اس موقع پر ان اہلکارں نے 'انروا' کے عملے کے ایک رکن کو حراست میں لے لیا جس کے بعد مشرقی یروشلم میں ادارے کے زیراہتمام چلائے جانے والے تمام سکولوں کو احتیاطاً طلبہ سے خالی کرا لیا گیا۔
(جاری ہے)
تعلیمی حق پر حملہ
'انروا' کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے اس اقدام کو تعلیم پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکولوں پر دھاوا بولنا اور انہیں بند کرانا بین الاقوامی قانون کی کھلی توہین ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 'انروا' کے سکولوں کو بند کرنے کے احکامات کو نافذ کرتے ہوئے اسرائیلی حکام فلسطینی بچوں کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم کر رہے ہیں۔
یہ سکول اقوام متحدہ کے مراکز ہیں جن کا احترام کیا جانا چاہیے اور بچوں کی ایک پوری نسل کے تحفظ کے لیے ان کا فعال رہنا ضروری ہے۔بین الاقوامی قانون پامال
مقبوضہ مغربی کنارے میں 'انروا' کے امور کے کے ڈائریکٹر رولینڈ فریڈرک نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزین بچوں کو تعلیم تک رسائی کھونے کا فوری خطرہ لاحق ہے۔ اسرائیل کے حالیہ اقدامات اقوام متحدہ کے رکن ملک کی حیثیت سے بین الاقوامی قانون کے تحت اس پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ 'انروا' کی ذمہ داریوں اور سرگرمیوں سمیت علاقے میں لوگوں کو ضروری مدد کی فراہمی کو برقرار رکھنے میں مدد دے۔

غزہ میں پانی کا بحران
غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر رہا ہے جہاں اسرائیل کے محاصرے کے باعث 10 ہفتوں سے کوئی امداد نہیں پہنچ سکی جبکہ تین چوتھائی سے زیادہ گھرانوں کی پانی تک رسائی محدود ہو گئی ہے۔
اپریل میں لیے گئے ایک جائزے کے مطابق غزہ میں 90 فیصد خاندانوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جو اکثر یہ سوچنے پر مجبور ہوتے ہیں کہ دستیاب پانی سے ہاتھ منہ دھوئیں اور نہائیں یا اسے پینے اور کھانا بنانے کے لیے استعمال میں لائیں۔ ان حالات میں بہت سے لوگ نجی طور پر پانی فروخت کرنے والوں پر انحصار کر رہے ہیں۔
ایندھن کی قلت اور پانی کی فراہمی کے نظام کو مرمت کرنے کے لیے درکار سامان تک محدود رسائی نے حالات کو اور بھی مشکل بنا دیا ہے۔
جنوبی غزہ میں پانی صاف کرنے کا پلانٹ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث بند ہے۔ رواں سال کے آغاز پر پانی کے پائپوں کو اسرائیل کے حملوں میں نقصان پہنچا تھا جنہیں تاحال مرمت نہیں کیا جا سکا۔
کچرے کے ڈھیر اور چوہوں کی بھرمار
امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ غزہ میں صفائی اور نکاسی آب کا بحران ہے جہاں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں، پناہ گاہوں میں بیت الخلا ضرورت سے کہیں کم ہیں، صابن کی قلت ہے اور جا بجا سیوریج کا پانی بہتا دکھائی دیتا ہے۔
گنجان آباد پناہ گاہوں میں گندگی کے باعث چوہوں اور حشرات کی بھرمار ہے جس سے بیماریاں پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے جبکہ طبی خدمات تک رسائی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ حالات برقرار رہے تو علاقے میں صحت عامہ کا بہت بڑا بحران جنم لے سکتا ہے۔
مزید اہم خبریں
-
پوپ لیو کو کیتھولک روحانی پیشوا منتخب ہونے پر گوتیرش کی مبارکباد
-
مشرقی یروشلم میں فلسطینی سکولوں میں اسرائیلی کارروائی کی مذمت
-
اسلام آباد کی تمام بلند عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دئیے گئے
-
پاک فوج نے بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا
-
اللہ نہ کرے کہ ایٹمی جنگ ہو، ایٹمی جنگ کا آپشن دونوں ممالک کے پاس نہیں ہے
-
سندھ میں یونیسف اساتذہ اور طلباء کو جدید تعلیم و تربیت دینے میں مصروف
-
اسرائیلی کارروائی: مغربی کنارے پر بڑی تعداد میں فلسطینی گھر مسمار
-
پاکستان نے چینی ساختہ "جے 10" طیاروں سے 2 بھارتی جہاز مار گرائے
-
موجودہ حالات میں سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے اور ان کے گرد مزید گھیرا تنگ نہ کیا جائے
-
آج ڈرونز آئے ہیں کل جہازآئے تھے ہم اپنا دفاع کریں گے
-
قوم منتظر ہے کہ نواز شریف بھی بھارتی جارحیت کے خلاف بات کریں
-
مولانا فضل الرحمن کا 9مئی کو یوم دفاع وطن منانے کا اعلان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.