Live Updates

پاکستان نے چینی ساختہ "جے 10" طیاروں سے 2 بھارتی جہاز مار گرائے

بھارت کے مار گرائے جانے والے جنگی طیاروں میں سے کم از کم ایک فرانسیسی ساختہ جنگی طیارہ رافیل بھی تھا، امریکی عہدیداروں کی تصدیق

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 مئی 2025 23:00

پاکستان نے چینی ساختہ "جے 10" طیاروں سے 2 بھارتی جہاز مار گرائے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 08 مئی 2025ء ) امریکی عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ "جے 10" طیاروں سے 2 بھارتی جہاز مار گرائے، بھارت کے مار گرائے جانے والے جنگی طیاروں میں سے کم از کم ایک فرانسیسی ساختہ جنگی طیارہ رافیل بھی تھا۔ تفصیلات کے مطابق مستند غیر ملکی میڈیا کے بعد اب امریکی ذرائع نے بھی حالیہ پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔

فرانسیسی انٹیلی جنس ذرائع کے بعد امریکا عہدیداروں کی جانب سے بھی پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارت کی عبرت ناک شکست کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے دو امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان نے بھارتی جنگی طیاروں کے خلاف فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغنے کے لیے چینی ساختہ " جے 10" جنگی طیارے کا استعمال کیا۔

(جاری ہے)

امریکی عہدیداروں کے مطابق پاکستان کی فضائیہ نے " جے 10" جنگی طیاروں کی مدد سے کم از کم بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ پاکستان کی فضائیہ نے " جے 10" جنگی طیاروں کی مدد سے بھارت کے جو جنگی طیارے مار گرائے، ان میں فرانسیسی ساختہ رافیل جنگی طیارہ بھی شامل ہے۔ امریکی عہدایداروں نے "جے 10" جنگی طیارے کے ہاتھوں رافیل جنگی طیارے کی تباہی چین کیلئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔

تاہم امریکا کی جانب سے باضابطہ طور پر اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ جبکہ گزشتہ روز سی این این کی رپورٹ میں بھارتی جنگی طیارے رافیل کو مار گرائے جانے کی تصدیق کی گئی تھی۔ ایک اعلیٰ فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے سی این این کو بتایا تھا کہ بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ پاکستان نے مار گرایا، یہ پہلی بار ہوا کہ جدید فرانسیسی ساختہ جنگی طیارہ کسی لڑائی میں تباہ ہوا۔ فرانسیسی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے ہیں یا نہیں۔ دوسری جانب بی بی سی کی جانب سے بھی تصدیق کی جا رہی ہے کہ پاکستان کی فضائیہ کے ساتھ ہونے والی حالیہ جھڑپ کے بعد بھارت کے کم از کم 3 جنگی طیارے تباہ ہوئے ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات