Live Updates

اسلام آباد کی تمام بلند عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دئیے گئے

ہنگامی صورتحال میں متاثرین کے شیلٹرز کے لیے جگہیں مختص کر دی گئیں، ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے تحت وار بک رولز کا نفاذ بھی مکمل کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 9 مئی 2025 00:42

اسلام آباد کی تمام بلند عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دئیے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2025ء) اسلام آباد کی تمام بلند عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دئیے گئے ، ہنگامی صورتحال میں متاثرین کے شیلٹرز کے لیے جگہیں مختص کر دی گئیں، ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے تحت وار بک رولز کا نفاذ بھی مکمل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حوالے سے اہم اور ہنگامی اقدامات اٹھا لیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اس اجلاس میں اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ کے مطابق شہر بھر کی تمام بلند عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دئیے گئے ہیں، ہنگامی صورتحال میں متاثرین کے شیلٹرز کے لیے جگہیں مختص کر دی گئیں، سیف سٹی کمپلیکس میں 24/7 کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے تحت وار بک رولز کا نفاذ مکمل کر لیا گیا، مختلف ہسپتالوں میں بلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔ سبزیوں، دالوں اور دیگر اشیاء کے اضافی سٹاک کے حوالے سے مارکیٹ کمیٹی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے پیٹرول پمپس پر اضافی سٹاک کی دستیابی کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں مساجد سے اعلانات کے لیے کوآرڈینیشن مکمل کر لی گئی، ہنگامی حالات کے حوالے سے نوجوانوں کو بطور رضاکار تربیت دینے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے پیشگی اقدامات کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات