Live Updates

آج ڈرونز آئے ہیں کل جہازآئے تھے ہم اپنا دفاع کریں گے

ہم اس طرح کی صورتحال مزید برداشت نہیں کریں گے، دوست ممالک کشیدگی میں کمی کی کوشش کررہے جبکہ بھارت پچھلے تین دنوں سے ٹمپریچر بڑھا رہا ہے، وزیردفاع خواجہ آصف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 8 مئی 2025 22:35

آج ڈرونز آئے ہیں کل جہازآئے تھے ہم اپنا دفاع کریں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 08 مئی 2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج ڈرونز آئے ہیں کل جہازآئے تھے ہم اپنا دفاع کریں گے، ہم اس طرح کی صورتحال مزید برداشت نہیں کریں گے، دوست ممالک کشیدگی میں کمی کی کوشش کررہے جبکہ بھارت پچھلے تین دنوں سے ٹمپریچر بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مشترکہ دوست کشیدگی میں کمی کیلئے کوشش کررہے ہیں، بھارت پچھلے تین دنوں سے ٹمپریچر بڑھا رہا ہے، موجودہ حالات میں دونوں ممالک بند گلی میں جارہے ہیں، ہم بین الاقوامی کمیونٹی کو کہہ رہے کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کریں کہ واردات ہوئی بھی ہے یا نہیں؟جبکہ انڈیا بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو ملوث کررہا ہے، سعودی عرب، فرانس ، یواے ای کسی سے بھی اس واقعے کی تحقیقات کروا لیں۔

(جاری ہے)

ہم بھارت کے خلاف کاروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، بھارت کو کب جواب دیا جائے گا یہ ساری چیزیں قومی سلامتی کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ میں دی ہوئی ہیں۔جوابی کاروائی میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے، بھارتی ڈرون سے لاہور کے فضائی دفاع کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔آج ڈرونز آئے ہیں کل جہازآئے تھے ہم اپنا دفاع کریں گے، ہم اس طرح کی صورتحال مزید برداشت نہیں کریں گے، مودی نے امریکا اور کینیڈا کا امن بھی تباہ کرنے کی کوشش کی۔

اسی طرح وزیردفاع خواجہ آصف نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کا بھارت کوجواب دینا یقینی ہوگیا ہے، پاکستان بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا، بھارتی ڈرونز حملوں سے لاہور کے دفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے امریکا کردار ادا کررہا ہے۔ اب کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی، پاکستان بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہورہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ رافیل طیارے اڑانے والے ایک تو بزدل اور دوسرامہارت نہیں رکھتے تھے، رافیل طیارے بنانے والی کمپنی کو بھی دھچکا لگا ہے۔بھارت کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اس کی خفت مٹانے کی کوشش کررہا ہے۔ 
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات