Live Updates

سلامتی کونسل: جنوبی سوڈان میں یو این مشن کی مدت میں توسیع

یو این جمعہ 9 مئی 2025 03:00

سلامتی کونسل: جنوبی سوڈان میں یو این مشن کی مدت میں توسیع

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 مئی 2025ء) سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن مشن (یو این ایم آئی ایس ایس) کی تعیناتی میں آئندہ سال 30 اپریل تک توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

مشن کی مدت میں توسیع کے لیے سلامتی کونسل میں امریکہ کی پیش کردہ قرارداد پر ہونے والی رائے شماری میں 12 ممالک نے اس فیصلے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ چین، پاکستان اور روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

اس مشن کو ملک میں خانہ جنگی اور تشدد روکنے اور اسے مقامی و قومی سطح پر پائیدار امن کے قیام کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

علاوہ ازیں شہریوں کو تحفظ دینا، ملک میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانا، امن عمل میں معاونت فراہم کرنا اور بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قانون کی پامالیوں کی نگرانی، تحقیقات اور ان کے بارے میں اطلاع دینا بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

مشن کا اختیار

قرارداد میں مشن کو اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے درکار تمام ذرائع سے کام لینے کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ مشن اس راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کے بارے میں سیکرٹری جنرل کو رپورٹ کرتا ہے۔ قرارداد میں دستیاب صلاحیتوں اور وسائل کے استعمال سے متعلق فیصلوں میں شہریوں کے تحفظ کو ترجیح بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

مشن کے سربراہ نکولس ہیسم نے گزشتہ مہینے سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ملک میں ایک اور جنگ چھڑنے کا خطرہ ہے جس سے پورے خطرے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ملک کے سیاسی حالات اور سلامتی کی صورتحال میں پیدا ہونے والے شدید بگاڑ کی نشاندہی بھی کی جس سے قیام امن کے لیے اب تک حاصل کیے جانے والے فوائد خطرے میں پڑ گئے ہیں۔

پھیلتی خانہ جنگی

نکولس ہیسم نے کہا کہ وہ امن معاہدے کے دو بڑے فریقین کے مابین بڑھتی کشیدگی کے بارے میں پہلے بھی خبردار کر چکے ہیں۔ اب یہ مخاصمت براہ راست لڑائی میں بدل گئی ہے جو ملک بھر میں پھیلتی جا رہی ہے۔

2013 میں ملک کے صدر سلوا کیر اور ان کے سابقہ نائب رائیک ماچھر کی وفادار فوجوں کے مابین لڑائی چھڑ گئی تھی جس کا اختام 2018 میں طے پانے والے امن معاہدے پر ہوا تھا۔ حالیہ دنوں فریقین کے مابین دوبارہ کشیدگی جنم لے چکی ہے۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات