پوپ لیو کو کیتھولک روحانی پیشوا منتخب ہونے پر گوتیرش کی مبارکباد

یو این جمعہ 9 مئی 2025 02:45

پوپ لیو کو کیتھولک روحانی پیشوا منتخب ہونے پر گوتیرش کی مبارکباد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے تقدس مآب پوپ لیو چہاردہم کو کیتھولک مسیحیوں کا روحانی پیشوا منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ نئے پوپ کا انتخاب دنیا بھر میں کروڑوں مسیحیوں کے لیے بہت بڑی روحانی اہمیت کا موقع ہے اور یہ انتخاب ایسے موقع پر ہوا ہے جب دنیا کو بہت سے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج دنیا کو امن، سماجی انصاف، انسانی وقار اور رحمدلی کے حق میں طاقتور ترین آوازوں کی ضرورت ہے اور وہ اقوام متحدہ اور پاپائیت کے مابین تعاون کی طویل روایت کو آگے بڑھانے کے متمنی ہیں جسے حالیہ عرصہ میں پوپ فرانسس نے تقویت دی تھی۔ اس تعاون کی بدولت یکجہتی اور مفاہمت کو فروغ دینے اور تمام انسانوں کے لیے منصفانہ و مستحکم دنیا کی تعمیر میں مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پوپ لیو امریکہ اور پیرو کی دوہری شہرت رکھتے ہیں

انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور پاپائیت کے مابین اس تعاون کی بنیاد پوپ لیو کے ان الفاظ پر استوار ہے کہ متنوع پس منظر اور اعتقادات کے باجود ہر جگہ لوگ یہی چاہتے ہیں کہ خدا کرے دنیا میں امن کا دور دورہ ہو۔

سیکرٹری جنرل نے پوپ کے انتخاب پر دنیا بھر کی کیتھولک مسیحی برادری کو بھی مبارک باد پیش کی ہے۔

نو منتخب پوپ لیو کا پیدائشی نام رابرٹ فرانسس پریوسٹ ہے۔ وہ پہلے امریکی جو ہیں کیتھولک چرچ کے سربراہ منتخب ہوئے ہیں۔ لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں کافی عرصہ خدمات سرانجام دینے کی وجہ سے پوپ لیو وہاں کی شہریت بھی رکھتے ہیں۔