Live Updates

پاک فوج نے بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا

انڈو سیکٹر میں بھارتی بلا اشتعال فائرنگ پر پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 مئی 2025 23:50

پاک فوج نے بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2025ء) پاک فوج نے بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا ، انڈو سیکٹر میں بھارتی بلا اشتعال فائرنگ پر پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے جمعرات کی شب کو سرحدی علاقوں میں بزدل دشمن بھارت کی بلااشتعال کاروائیوں پر بروقت اور منہ توڑ جواب دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پانڈو سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے جمعرات کی شب کو بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

پاک فوج نے فوری اور موثر جوابی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا۔ پاک فوج کے بھرپور اور منہ توڑ جواب کے دوران بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر نانگا ٹک کو شدید نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں میں جمعرات کی شب کو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

(جاری ہے)

دھماکوں کی آوازوں کے بعد فضائی حملے کے سائرن بھی بج اٹھے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعوٰی کیا جا رہا ہے کہ پاکستان نے مقبوضہ جموں پر حملہ کر دیا۔ تاہم اس حوالے سے پاکستان کے سیکورٹی ذرائع نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر حملہ کرنے کی تردید کرتے ہوئے اسے بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔ جبکہ اس سے قبل جمعرات کے روز وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک کردیئے ہیں، بزدل بھارت نے تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، بھارت سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن ہم سولینز کو نشانہ نہیں بنا رہے، ہم ٹھوس اور مؤثر جواب دے رہے ہیں، قومی سلامتی کمیٹی نے افواج کو مؤثر اور بھرپور جواب دینے کا مکمل اختیار دے دیا ہے، اب یہ معاملہ آگے کہاں جاتا ہے اس کا فیصلہ ہم کریں گے، بھارت کو پاکستان کا بھرپور جواب آئے گا، ضرور اور جلد آئے گا، ایسا جواب ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات