پولیس افسران ،اہلکاروں کا بھی ڈرائیونگ لائسنس چیک ہو گا‘ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب کا واضح پیغام

ہفتہ 9 دسمبر 2023 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2023ء) ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے قانون شکنی کرنے والوں کو واضح پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کا بھی ڈرائیونگ لائسنس چیک ہو گا۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ قانون شکنی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، پنجاب پولیس کے تمام افسران اور جوانوں کے اب ڈرائیونگ لائسنس چیک ہوں گے۔

اگر کوئی پولیس آفیسر اور اہلکار بغیر لائسنس کے گاڑی چلاتے پکڑا گیا اس کے خلاف قانونی کاروائی کے ساتھ محکمانہ کاروائی بھی ہوگی۔ پنجاب پولیس کے تمام افسران و اہلکار پہلی فرصت میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔ مرزا فاران بیگ نے کہا کہ نوجوان نسل میں ہمارا مستقبل ہے اور ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے، نوجوان نسل کے لیے ان کی یونیورسٹیز، کالجز میں لرننگ موبائل بھیجی جا رہی ہیں اور الگ کانٹرز ان کے لیے مختص کیے جا رہے ہیں، لائسنسنگ سینٹرز میں رش کا مجھے احساس ہے پی آئی ٹی بی والوں سے مل کر سسٹم کو مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور لائسنسنگ سینٹرز میں آنے والی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ، تمام سپروائزری افسران سینٹرز میں خود موجود رہیں عوام کے ساتھ صبر اور تحمل کے ساتھ پیش آئیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ گزشتہ روز ٹریفک پولیس نے صوبہ بھر میں 98ہزار 900کے قریب لائسنس جاری کیے، گزشتہ سات دنوں میں ٹریفک پولیس نے صوبہ بھر بھر میں 6 لاکھ 24 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے ۔ ٹریفک پولیس لائسنس جاری کرنے والے سسٹم کو مزید فعال بنارہی ہے ۔